نواز شریف ریاستی اداروں کیخلاف متنازعہ بیانات دیکر ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، رہنما اے پی ایم ایل

نواز شریف کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کرکے فوری گرفتار کیا جائے، پرویز مشرف عوام کے حقیقی لیڈر ہیں پانامہ لیکس اور حدیبیہ پیپر ملز میں ملوث کرپٹ شریف ٹولہ جلد اڈیالہ جیل جانیوالا ہے، آئندہ انتخابات میں شریف خاندان سیاست سے مکمل طور پر آئوٹ ہوجائیگا ، اے پی ایم ایل اور اس کی اتحادی جماعتیں کراچی سمیت ملک بھر میں آئندہ الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گی، پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 19 نومبر 2017 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ سابق نااہل وزیراعظم نواز شریف ریاستی اداروں کے خلاف متنازعہ بیانات دے کر ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں جو ریاست کے خلاف سازش ہے۔ نواز شریف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور انہیں فوری گرفتار کیا جائے۔ پرویز مشرف عوام کے حقیقی لیڈر ہیں۔

نواز شریف کے پرویز مشرف کے خلاف منفی پروپیگنڈے سے مشرف کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں ہوسکتی۔ پانامہ لیکس اور حدیبیہ پیپر ملز میں ملوث کرپٹ شریف ٹولہ جلد اڈیالہ جیل جانے والا ہے۔ آئندہ انتخابات میں شریف خاندان سیاست سے مکمل طور پر آئوٹ ہوجائے گا اور عوام کے ووٹوں سے اہل اور ایماندار قیادت منتخب ہو کر برسر اقتدار آئے گی۔

(جاری ہے)

اے پی ایم ایل اور اس کی اتحادی جماعتیں کراچی سمیت ملک بھر میں آئندہ الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گی۔

ان خیالات کا اظہار اے پی ایم ایل سندھ اور سائوتھ ریجن کے رہنمائوں اسلم مینائی، محمد علی شیروانی، پیر محمد زبیر ،عمران صدیقی اور دیگر نے اتوار کو بہادرآباد میں پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے پی ایم ایل ضلع وسطی کے صدر محمد سرفراز اور جنرل سیکریٹری آصف خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم، پی ایس پی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے سینکڑوں کارکنان اور سابق رہنمائوں نے اپنی جماعتوں کو چھوڑ کر اے پی ایم ایل میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اے پی ایم ایل کے رہنمائوں نے کہا کہ شریف خاندان کے احتساب کے بعد ملکی حالات یہ بتا رہے ہیں کہ جلد تمام چور اور کرپٹ سیاست دان اور افراد کا سخت احتساب ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بلا تفریق احتساب سے جمہوری نظام مضبوط ہوگا اور عوام کو آئندہ انتخابات میں ایماندار قیادت منتخب کرنے میں آسانی ہوگی۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ اے پی ایم ایل کراچی سمیت پورے ملک میں پھیل رہی ہے۔

کراچی میں اے پی ایم ایل نے باقاعدہ اپنی سیاسی سرگرمیاں شروع کردی ہیں اور پرویز مشرف کا سب سے پہلے پاکستان کا پیغام کراچی کے ہر علاقے میں پہنچایا جارہا ہے۔ انہوں نے اے پی ایم ایل میں شامل ہونے والے رہنمائوں اور کارکنان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی شمولیت سے اے پی ایم ایل مزید مضبوط ہوگی۔ ان رہنمائوں نے اعلان کیا کہ کراچی میں آئندہ ماہ مختلف اضلاع میں عوامی جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان رہنمائوں نے فکس اٹ کے احتجاجی مظاہرے پر پولیس کے تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ اس مظاہرے میں گرفتار تمام افراد کو رہا کیا جائے۔