Live Updates

ملک میں افرا تفری کا ماحو ل بنا ہوا ہے، پتہ نہیں لگ رہا وزیراعظم نواز شریف ہے یا شاہد خاقان عباسی پرویزخٹک

ایسے حالات میں ملک نہیں چل سکتا کسی تیسر ی قوت کے آنے سے پہلے اسمبلی کو ختم کیا جائے اور قبل ازوقت انتخابا ت کرائے جائیں یہی وقت کا تقاضا ہے ایسے حالات میں بیوروکریسی بھی احکامات نہیں مانتی، اس ملک کو آصف علی زرداری ، نوازشریف اور اسفندیار ولی جیسے کرپٹ سیاستدانوں نے جتنا نقصان دیااس کی مثال نہیں ملتی لوٹ مار کے کلچر کو لگام دینے کیلئے ضروری ہے کہ سب کا بلا تفریق احتساب شروع کیا جائے اس ملک کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے اور ایک ایماندار قیادت ہی اس ملک کوبچا سکتی ہے جو عمران خان کی صورت میں ہمارے پاس موجود ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

اتوار 19 نومبر 2017 21:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں افرا تفری کا ماحو ل بنا ہوا ہے۔ پتہ نہیں لگ رہا کہ نواز شریف وزیراعظم ہے یا شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم ہے۔ ایسے حالات میں ملک نہیں چل سکتا کسی تیسر ی قوت کے آنے سے پہلے اسمبلی کو ختم کیا جائے اور قبل ازوقت انتخابا ت کرائے جائیں یہی وقت کا تقاضا ہے ایسے حالات میں بیوروکریسی بھی احکامات نہیں مانتی۔

اس ملک کو آصف علی زرداری ، نوازشریف اور اسفندیار ولی جیسے کرپٹ سیاستدانوں نے جتنا نقصان دیااس کی مثال نہیں ملتی لوٹ مار کے کلچر کو لگام دینے کیلئے ضروری ہے کہ سب کا بلا تفریق احتساب شروع کیا جائے اس ملک کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے اور ایک ایماندار قیادت ہی اس ملک کوبچا سکتی ہے جو عمران خان کی صورت میں ہمارے پاس موجود ہے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے اپنے منشور پر من وعن عمل کیااوریہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا کی روایت کے برعکس آج ہمارے اقتدارکے آخری سال میں بھی اے این پی ، پی پی پی ، مسلم لیگ ن اوردیگر سیاسی پارٹیوں کے کارکن تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ اکوڑہ خٹک میں پی پی پی کے صوبائی رہنما میاں اکمل شاہ ایڈوکیٹ کی رہائش گاہ پر اجتماع اور نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک اوردیگر علاقوں سے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔میاں اکمل شاہ نے وزیراعلیٰ کاجرگہ قبول کیا اورکہا کہ وہ اپنے ساتھیوں اور خاندان سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکاخیل، ایم این اے ڈاکٹرعمران خٹک، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک، احد خٹک، اسحق خٹک ، سلیم مجاہد، نہار خان ،نبی امین،اسد خان، جان مست بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اکوڑہ خٹک سے مسلم لیگی کارکنوں حاجی میر شاد، پذیر گل ، ثناء اللہ، ڈاکٹر خالد، وقار الحق، زر محمد، یوسف زادہ، شعیب، طاہر اکبر، غنی کاکا، مقصود، ضیاء الرحمن ، خان زیب ،شاہ خالد، پی کے چودہ سے عرفان شہزاد ، عتیق، ساجد، عمران نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ ن سے مستعفی ہوکرپاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویزخٹک پر اپنے بھر پور اعتمادکا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ پرویز خان خٹک نے نئے شامل ہونے والوںکو ٹوپیاں پہنائیں اوران کا پارٹی میںخیر مقدم کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے وزیر اعلی پرویز خٹک نے کہا کہ وفاق سے ہم خیبرپختونخواکاحق لیکر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے آٹھ مہینے سے ہمارے 35ارب روپے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔ ہم نے وفاقی حکومت سے اپنے حق کے لیے مذاکرات کیے وہ نتیجہ خیز ثا بت ہوئے اوروفاق نے دس دسمبر تک ہمارے حقوق ہمیں دینے کا وعد ہ کیا ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اب تک جو بھی حکومت آئی اس نے عوام سے ووٹ لیکر بعد میں عوام کا پوچھا تک نہیں۔ اورنہ ہی اپنے پیش کردہ منشور پرعمل کیا۔ اور الیکشن جیتنے کے بعد کسی نے بھی اپنے وعدوں اور منشور کو عملی جامہ نہیں پہنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واحد تحریک انصاف ہی ہے جس نے عمران خان کے تبدیلی کے ویژن کو عملی جامہ پہنایا اور اپنے منشور میں کئے گئے ایک ایک وعدے کو پورا کیا۔

انہوں نے کہا خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے صحت ،پولیس ،اور تعلیمی اداروں میں ہنگامی بنیادوں پر اصلاحات کیے۔ جس کے دور رس نتائج نکلے۔ انہوں نے کہا ہم نے کرپشن اور کمیشن کے خلاف کھل کر جہاد کیا اور صو بے میں کرپشن کرنے والوں کے لیے ہم نے زمین تنگ کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال کے گند کو صاف کرنے میں وقت لگے گا اس کے لیے ہم جہدوجہد کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت برسر اقتدار آئی تو ہمیں ورثے میں خستہ حال اور ٹوٹے پھوٹے سکول، تباہ حال ہسپتال پولیس اور دفاتر کرپشن سے بھرے ہوئے ملے اس کو ٹھیک کرنا بھی ایک جہادہے اور ہم کو شش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنی کارکردگی کی بدولت 2018 کے انتخابات میں نہ صرف چاروںصوبوں بلکہ وفاق میں بھی حکومت بنائے گی اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات