جامعہ کراچی میں پہلی بار آن لائن داخلہ نظام متعارف

مذکورہ داخلوں کے آن لائن ہونے سے طلبہ کولمبی قطاروں کی مشکلات سے نجات ملے گی،ڈاکٹر اجمل خان

اتوار 19 نومبر 2017 20:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2017ء) جامعہ کراچی کے رجسٹرار ڈاکٹر منور رشید کے اعلامیہ کے مطابق بیچلرز ،ماسٹرز ، ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ و ایوننگ پروگرام)،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی(مارننگ پروگرام) اور شعبہ ویژول اسٹڈیز میں بیچلرز آف ڈیزائن(چارسالہ پروگرام) ،بیچلرز آف فائن آرٹس(چارسالہ پروگرام) اور بیچلرز آف آرکیٹیکچرز (پانچ سالہ پروگرام ) میں داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں برائے سال 2018 ء کا آغاز ہوگیا ہے۔

خواہشمند طلبہ 24 نومبر2017 ء تک داخلہ فارم آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔واضح رہے کہ جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی دفعہ آن لائن نظام کے ذریعے داخلوں کا آغاز کیا گیا ہے جس کے ذریعے طلبہ بغیر کسی پریشانی کے اپنے گھروں میں کمپیوٹر اور انٹر نیٹ کے ذریعے مستفید ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

خواہشمند طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاںتمام معلومات موجودہیں۔

بیچلرز پروگرام میںاپلائیڈ فزکس ،بائیوٹیکنالوجی ،بزنس ایڈمنسٹریشن ،کیمیکل انجینئرنگ ،کامرس ،کمپیوٹر سائنس،اکنامکس، ایجوکیشن،انگلش ،انوائرمینٹل اسٹڈیز،فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی،انٹرنیشنل ریلیشنز ،ماس کمیونیکشن،میتھمیٹکس ،مائیکروبائیولوجی،پبلک ایڈمنسٹریشن،اسپیشل ایجوکیشن ،ٹیچرز ایجوکیشن(بی ایڈ)،جبکہ ماسٹرز پروگرام میںبزنس ایڈمنسٹریشن،کامرس، اکنامکس،ایجوکیشن،انگلش،انوائرمینٹل اسٹڈیز،ماس کمیونیکشن،مائیکروبائیولوجی، پبلک ایڈمنسٹریشن،پبلک پالیسی اورٹیچرز ایجوکیشن بی ایڈ (After 2year ADE) شامل ہیں۔

ان تمام شعبہ جات میں داخلے ٹیسٹ کی بنیاد پر دیئے جائیں گے۔شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے جامعہ کراچی کے نظام کو آن لائن کرنے کا اعلان کیا تھا اور مذکورہ داخلہ پالیسی اسی کی ایک کڑی ہے۔اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح طلبہ کو بہتراور معیاری سہولیات کی فراہمی ہے اور مذکورہ داخلوں کے آن لائن ہونے سے ان کو لمبی قطاروں کی مشکلات سے نجات ملے گی ۔

آنے والے وقتوں میںجامعہ کے دیگر معاملات میں بھی آن لائن نظام کو متعارف کرایا جائے گاجس سے طلبہ ،اساتذہ اور ملازمین مستفید ہوسکیں گے۔واضح رہے کہ مخصوص نشستوں اور سیلف فائنانس پر داخلے کے خواہشمند طلبا وطالبات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بیچلرز،ماسٹرز، ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ وایوننگ پروگرام) اور ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کا داخلہ فارم جمع کرائیں اور داخلہ ٹیسٹ میں لازماً شرکت کریں بصورت دیگر انہیں داخلے کے لئے اہل نہیں سمجھا جائے گا۔

ڈاکٹر آف فارمیسی اور ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی میں داخلے کے لئے ا نٹر (HSC )پری میڈیکل یا مساوی امتحان میں کم ازکم 60% فیصد مارکس حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات داخلہ فارم جمع کرانے کے اہل ہوں گے۔(گریس یا کنڈونیشن مارکس کے حامل طلبہ کے داخلے زیر غور نہیں لائے جائیں گی) ۔

متعلقہ عنوان :