آئندہ انتخابات سے قبل ملک میں بڑی سیاسی تبدیلیاں رونما ہونے والی ہیں،عبدالقادر پٹیل

پانامہ کرپشن نامہ اور چوری میں ملوث تمام کرپٹ ٹولہ جیل جاتا ہوا نظر آرہا ہے، شفاف انتخابات کے لئے ضروری ہے کہ یکساں اور منصفانہ احتساب کیا جائے تاکہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہوسکے،بہت سے پرانے کھلاڑی سیاست سے آئوٹ اور کچھ نئے چہرے ان ہوں گے، جلسے سے خطاب

اتوار 19 نومبر 2017 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے کراچی ڈویڑن کے سابق صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات سے قبل ملک میں بڑی سیاسی تبدیلیاں رونما ہونے والی ہیں۔ پانامہ کرپشن نامہ اور چوری میں ملوث تمام کرپٹ ٹولہ جیل جاتا ہوا نظر آرہا ہے۔ شفاف انتخابات کے لئے ضروری ہے کہ یکساں اور منصفانہ احتساب کیا جائے تاکہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہوسکے۔

کراچی کی سیاسی پچ پر جلد بڑی تبدیلی ہونے والی ہے۔ بہت سے پرانے کھلاڑی سیاست سے آئوٹ اور کچھ نئے چہرے ''ان'' ہونے والے ہیں۔ عوام انہی لوگوں کو ووٹ دیں گے جنہوں نے ان کی بلا تفریق خدمت کی ہے۔ انہوں نے اتوار کو اتحاد ٹائون میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اتحاد ٹائون میں 5 کروڑ روپے کی لاگت سے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا۔

قادر پٹیل نے اس منصوبے کا سنگ بنیاد 2012ء میں رکھا تھا تاہم دوبارہ منتخب نہ ہونے کے باوجود انہوں نے بغیر کسی حکومتی تعاون کے یہ منصوبہ مکمل کرایا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج لوگ اختیارات کا رونا رو رہے ہیں۔ جب ان کے پاس اختیارات تھے تو انہوں نے عوام کے مسائل کے حل کے لئے کچھ نہیں کیا۔ عوام کے مسائل کے حل کے لئے عہدہ ہونا ضروری نہیں ہے۔

ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے عوام کے مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں ملوث شریف برادران آج زیادتیوں کا رونا رو رہے ہیں، جب وہ اقتدار میں تھے تو انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین کو طاقت کے ذریعے انتقام کا نشانہ بنایا۔ آج ان کا احتساب ہورہا ہے تو وہ چیخ رہے ہیں۔ ان کے لئے کہاوت مشہور ہے کہ ''چور مچائے شور''۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا آغاز ہونا اچھی بات ہے تاہم احتساب بلا تفریق ہونا چاہئے۔

قادر پٹیل نے کہا کہ ماضی میں کراچی کی سیاست پر ایک بھتہ خور جماعت قابض رہی تاہم اب یہ جماعت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ کراچی کے آئندہ انتخابی نتائج حیران کن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعمیر، تدبیر، اور خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ آج اتحاد ٹائون میں 70 سال بعد تبدیلی آگئی ہے اور اس علاقے کو بجلی مل گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بڑے بڑے کھلاڑی آئوٹ ہوجائیں گے اور نئے چہرے سامنے آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :