علم و ہنر سے ناطہ جوڑے بغیر کوئی قوم ترقی اور خوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتی ، شاہد سلیم بیگ

پاکستان کی اصل طاقت اور سرمایہ اس کی نوجوان نسل ہے جنھوں نے مستقبل قریب میں ملک کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے اس لئے انہیں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہوگا،موجودہ دور سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے اقوام عالم میں پاکستان کو اس کا جائزمقام دلانے کیلئے اس شعبہ کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے، آئی جی جیل کانہ جات کا سکول تقریب سے خطاب

اتوار 19 نومبر 2017 20:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ نے کہا ہے کہ علم و ہنر سے ناطہ جوڑے بغیر کوئی قوم ترقی اور خوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتی پاکستان کی اصل طاقت اور سرمایہ اس کی نوجوان نسل ہے جنھوں نے مستقبل قریب میں ملک کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے اس لئے انہیں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گریڑن آڈیٹوریم سیالکوٹ کینٹ میں بیکن ہاؤس سکول سسٹم سیالکوٹ کے فارغ التحصیل گریجوایٹس2016-17ء کے 113طلباء و طالبات میں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں بیگم کمشنر فیڈرل بورڈ آف ریونیو طارق محمود، اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر حماد حسین،اکیڈیمک مینیجر امبرین اسحاق اورپرنسپل بیکن ہاؤس سکول سسٹم سیالکوٹ صوفیہ اسحاق کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

آئی جی پولیس جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ نے کہا ہے کہ موجودہ دور سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے اور اقوام عالم میں پاکستان کو اس کا جائزمقام دلانے کیلئے اس شعبہ کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں آج شہر اقبال کے ہونہار شاہینوں میں تعلیمی ڈگریاں تقسیم کرنے آیا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے قوی امید ہے کہ ڈگریاں حاصل کرنے والے بچے ملک وقوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں گے اور علم کی روشنی ملک کے طول و عرض میں پھیلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کسی بھی شعبہ میں جائیں لیکن قائداعظم محمد علی جناح کے پیغام کام ، کام اورر صرف کام پر عمل کریں تو کامیابی اور کامرانی آپ کا نصیب ہوگی اور وطن عزیز کیلئے نیک نامی کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان وسائل کے اعتبار سے مالا مال ہے اور اللہ تعالیٰ نے اسے ہر نعمت سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بقول اقبال افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر ،ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ۔

اسلئے وطن عزیز کی سلامتی ، استحکام اورمضبوطی کیلئے پر فرد کو اپنے ذمہ لگے کام کو بطریق احسن انجام دینا ہوگا۔ تقریب سے اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر حماد حسین،اکیڈیمک مینیجر امبرین اسحاق اورپرنسپل بیکن ہاؤس سکول سسٹم سیالکوٹ صوفیہ اسحاق نے بھی خطاب کیا اور ڈگریاں لینے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں آئی جی پولیس جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ نے طلباء و طالبات میں ڈگریاں اور انعامات تقسیم کئے۔ تقریب میں بچوں میں ملی نغمیں پیش کئے۔