اٹک پیٹرولیم لمیٹڈ کیخلاف 12 کروڑ کرپشن ثابت

اوگرا نے ایف آئی اے کو مقدمات درج کرکے ریکوری کی سفارش کردی ایف بی آر کو بھی تحقیقات میں توسیع کرنے کی ہدایت پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی مد میں اے پی ایل نے 120 ملین کا فراڈ کیا

اتوار 19 نومبر 2017 20:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2017ء) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے آئل کمپنیوں کی کرپشن کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے اٹک پیٹرولیم لمیٹڈ کو 12 کروڑ کرپشن سکینڈل کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں اور ریکوری کیلئے معاملہ ایف آئی اے کو بھجوا دیا ہے۔ اوگرا نے ایف بی آر کو بھی سفارش کی ہے کہ اٹک پیٹرولیم لمیٹڈ کے خلاف مبینہ کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرے۔

اوگرا نے اٹک پیٹرولیم لمیٹڈ کے خلاف پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی مد میں 120 ملین روپے کی کرپشن کی تحقیقات شروع کی تھیں اوگرا اتھارٹی نے تحقیقات سے قبل اٹک پیٹرولیم لمیٹڈ کو باقاعدہ نوٹسز جاری کئے تھے اور وضاحت بھی طلب کی تھی۔ لوگ حکام نے بتایا کہ اٹک پیٹرولیم لمیٹڈ نے وہاڑی میں قائم اپنے ڈپو سے پیٹرول کی فروخت کے اعداد و شمار میں ردوبدل کرکے 120 ملین روپے کی چوری کی تھی۔

(جاری ہے)

اوگرا نسپیکشن ٹیم نے وہاڑی میں قام اے پی ایل کے ڈپو پر چھاپہ مارا تھا اور پورا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا تھا تاہم سابقہ چیئرمین اوگرا سعید احمد خان نے مٹھی گرم ہونے پر یہ معاملہ سرد خانے کی نذر کردیا تھا۔ موجودہ چیئرپرسن اوگرا عظمی عادل نے انصاف کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سرد خانے سے یہ کرپشن سکینڈل کونکال کر اوگرا اتھارٹی میں پیش کردیا اور فوری تحقیقات کرکے معاملہ کو نمٹانے کی ہدایت کردی۔

اوگرا اتھارٹی نے اس حوالے سے اے پی ایل حکام کو بھی طلب کیا اور جواب مانگا اوگرا کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ا وگرا کی اپنی تحقیقات میں بارہ کروڑ کی پیٹرولیم لیوی کی چوری کی تصدیق ہوگئی ہے اور رقوم کی ریکوری کیلئے یہ معاملہ اب ایف آئی اے کو بھیجا گیا ہے تاکہ وہ اٹک پیٹرولیم لمیٹڈ مین موجود کرپٹ مافیا کے خلاف مجرمانہ ایکٹ کے تحت مقدمات قائم کرے اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے۔

اوگرا حکام نے یہ بھی بتایا کہ ایف آئی اے کے علاوہ ایف بی آر کو بھی رپورٹ ارسال کرتے ہوئے سفارش کی کہ وہ تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرے۔ اوگرا حکام نے تصدیق کی ہے کہ قوم کے بارہ کروڑ لوٹ کھسوٹ کی نذر ہونے سے بچانے میں بنیادی کردار عظمیٰ عادل چیئرپرسن اوگرا کا ہے جس نے آئل کمپنیوں پر مشتمل کرپٹ مافیا کے خلاف جہاد شروع کررکھا ہے جس کے نتائج مستقبل میں مزید سامنے آئیں گے۔ اوگرا ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ اٹک پیٹرولیم لمیٹڈ کے خلاف پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کے حوالے سے تحقیقات مکمل کرلی ہیں اور معاملہ ایف آئی اے کو بھجوا دیا۔

متعلقہ عنوان :