وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا بچوں کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

اتوار 19 نومبر 2017 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بچوں کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچے کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل ہوتے ہیں،ان سے محبت و شفقت سے پیش آنا چاہیئے کیونکہ آج کے بچے کل کے معمار ہیں۔اگر بچپن سے ہی بچوں کی صحیح خطوط پر تعلیم و تربیت کی جائے تو ان میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچوں کے حقوق کا عالمی دن منانے کا مقصد دنیا بھر میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے آگہی پیدا کرنا ہے اور قوم کے نونہالوں کے حقوق کا تحفظ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے اوربچوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کا مشن سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان مضبوط شراکت کار کا متقاضی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بچوں سے مزدوری لینے کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے جامع اقدامات کئے ہیں ۔

اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو سکولوں میں داخل کرایا گیا ہے اور معصوم ہاتھوں میں اینٹ گارے کی جگہ قلم کتاب دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیںعالمی یوم اطفال پر اس عزم کااعادہ کرنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے تمام طبقات مل کر موثر کردار ادا کریں گے۔