جون 2018ء تک ہیپاٹائٹس کے 1 لاکھ مریضوں کو انکے گھروں پر ادویات کی فراہمی کا ہدف پورا کرینگے‘ شہباز شریف

مریضوں کو معیاری ادویات کی انکے گھروں میں فراہمی ایک تاریخی اقدام ہے،ملک کی 70سالہ تاریخ میں پہلے کبھی مریضوں کو گھروں میں ادویات فراہم نہیں کی گئیں، اضلاع مے ہیپاٹائٹس فلٹرکلینکس کے قیام کے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے ،تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی سطح پر 60چھوٹے کلینکس فنکشنل کیے گئے ہیں قصور،بھکر،لیہ،وہاڑی اورمیانوالی کے ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں پہنچ چکی ہیں ،ان مشینوں کی تنصیب سے لوگوں کو 24گھنٹے سی ٹی سکین کی سہولت ملے گی‘وزیر اعلیٰ پنجاب کاویڈ یولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب، شعبہ صحت کے اصلاحاتی پروگرام پر عملدر آمد اور ہیلتھ پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا

اتوار 19 نومبر 2017 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جدید اصلاحات اوراربوں روپے کے وسائل کی فراہمی کے باعث صوبے میں صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری آئی ہے اورعوام کو ہیپاٹائٹس کے موذی مرض سے محفوظ رکھنے اور علاج معالجہ کیلئے پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کامیابی سے جاری ہے ،ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کے مریضوں کو مفت ادویات ان کی دہلیز پر مہیا کی جارہی ہیں اوراب تک 15ہزار مریضوں کو ادویات ان کے گھروں میں پہنچائی گئی ہیں اورجون 2018ء تک ہیپاٹائٹس کے 1 لاکھ مریضوں کو انکے گھروں پر ادویات کی فراہمی کا ہدف پورا کرینگے۔

وہ ویڈ یولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں شعبہ صحت میں جاری اصلاحاتی پروگرام پر عملدر آمد اور ہیلتھ پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی بی کنٹرول پروگرام کے تحت 5 ہزار مریضوں کو مفت ادویات انکے گھروں پر مہیا کی جاچکی ہیں اور مریضوں کو معیاری ادویات کی انکے گھروں میں فراہمی پنجاب حکومت کا ایک تاریخی اقدام ہے۔

ملک کی 70سالہ تاریخ میں پہلے کبھی مریضوں کو ٹی سی ایس کے ذریعے ان کے گھروں میں ادویات فراہم نہیں کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کی روک تھا م کیلئے ہیپاٹائٹس کنٹرول آرڈیننس کا اجراء کیاگیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ آرڈیننس کے نفاذ اوراس پر عملدر آمدکو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میںجدید ہیپاٹائٹس فلٹرکلینکس کے قیام کے پروگرام کو بھی تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی سطح پر 60چھوٹے ہیپاٹائٹس کلینکس فنکشنل کیے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کی روک تھام اورعلاج معالجے کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے بھر پور مہم چلائی جائے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں کے ویسٹ کو تلف کرنے کے حوالے سے شاندار پروگرام شروع کیاگیاہے اور ہسپتالوں میںویسٹ کو تلف کرنے کیلئے انسی نریٹرز نصب کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کی سہولت کیلئے فری ایمبولینس سروس کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں اور اس ایمبولینس سروس کو مزید وسعت دی جارہی ہے ۔

صوبے کے 40ہسپتالوں میں اصلاحات کا عمل تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ5ہسپتالوں کی آئی ایس او سرٹیفکیشن حاصل کی گئی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹس دوردراز کے علاقوں میں عوام کو علاج معالجہ اورتشخیص کی جدید سہولتیں فراہم کررہے ہیں ۔14مزید بڑے موبائل ہیلتھ یونٹس جبکہ 20چھوٹے یونٹس جلد فنکشنل ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 85ہسپتالوں میں اصلاحات لائی جائیں گی۔

وزیرا علیٰ نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں سی ٹی سکین مشینوں کی فراہمی کے پروگرام کو بھی تیزی سے آگے بڑھایا جارہاہے ۔قصور،بھکر،لیہ،وہاڑی اورمیانوالی کے ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں پہنچ چکی ہیں اور سی ٹی سکین مشینوں کی تنصیب سے لوگوں کو 24گھنٹے سی ٹی سکین کی سہولت ملے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ادویات کی خریداری ،ترسیل اور فراہمی کا ڈیجیٹل نظام بنایاگیا ہے اور اب عام آدمی کو بھی وہی ادویات مل رہی ہیں جو اشرافیہ استعمال کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کا جدید نظام متعارف کرایاگیا ہے ۔لاہور ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کو جدید خطوط پر استوار کردیاگیاہے جبکہ باقی لیبز کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے اور پنجاب ہیلتھ فسیلیٹرز مینجمنٹ کمپنی کو پوری طرح فعال کردیاگیاہے ۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئرکی استعداد کار بڑھانے کیلئے تیزی سے اقدامات کیے جائیں اور ہسپتالوں کے میڈیکل سپریٹنڈنٹس کیلئے مینجمنٹ کورس کا پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے ۔

سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر علی جان خان نے صحت کے منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ13مقامات پر تنصیب کیلئے انسی نریٹرز پہنچ چکے ہیں اور ہیپاٹائٹس کی روک تھام کیلئے ہیرسیلون،بیوٹی پارلرز اورباربرز کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے ۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر،معاون خصوصی ملک محمد احمد خان،چیف سیکرٹری،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سیکرٹریز صحت، محکمہ صحت کے اعلی حکام اورمتعلقہ افسران نے سول سیکرٹریٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :