پولو ان پنک بائی شوکت خانم ہسپتال ٹورنامنٹ ریمنگٹن فارما پولو ٹیم نے جیت لیا

اتوار 19 نومبر 2017 19:50

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2017ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام پولو ان پنک 2017ء بائی شوکت خانم ہسپتال ٹورنامنٹ ریمنگٹن فارما پولو ٹیم نے جیت لیا، فائنل میں کانٹے دار مقابلے میں نیوایج کی ٹیم کو 9-8.5 سے شکست ، ادھر سب سڈری فائنل میں گارڈ گروپ نے ریجاس کو 6-5 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں فائنل دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پرایئر شو اور میوزیکل شوکا بھی اہتمام کیا گیا۔فائنل دیکھنے کیلئے لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر ، مہمان خصوصی شوکت خانم ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹرڈاکٹر آصف لوئیہ، لاہور پولو کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر عمر صادق، عمر نیازی، ثاقب خان خاکوانی ، سیکرٹری کرنل (ر) شعیب آفتاب، سی ای او ریمنگٹن فارما ڈاکٹر فیصل قدیر کھوکھر ،ممبرز اور ان کی فیملیز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست میچ ہوا۔ نیوایج اور ریمنگٹن پولو کی ٹیموں نے پہلے چکر میں تین گول سکور کیے ۔ ریمنگٹن کی ٹیم کو 2-1 کی برتری حاصل تھی پھر دوسرے چکر میں نیوایج کی ٹیم نے تین گول سکور کرکے واپسی کی۔ تیسرے اور چوتھے چکر بھی دونوں ٹیموں نے زبردست کھیل پیش کیا اور ریمنگٹن نے میچ آدھے گول کے فرق سے اپنے نام کیا۔ ریمنگٹن فارما پولو ٹیم کی طرف سے بلال حئی نے سات اور بلال حیات نون نے دو گول کیے جبکہ نیوایج کی طرف سے شاہ شمیل عالم نے چھ،عدنان جلیل اعظم اور میر حذیفہ احمد نے ایک ایک گول سکور کیا۔

ادھر سب سڈری فائنل میں گارڈ گروپ نے دلچسپ مقابلے کے بعد ریجاس کو 6-5 سے ہرادیا۔ گارڈ گروپ کی طرف سے تیمور مواز خان نے چار جبکہ تیمور علی ملک، محمد سامر ملک نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ ریجاس کی طرف سے راجہ ارسلان نجیب نے چار جبکہ عمر اسجد ملہی نے ایک گول سکور کیا۔ اختتامی تقریب میں لاہور پولو کلب کے صد ر عرفان علی حیدر نے سپانسرز شوکت خانم ہسپتال کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :