گلگت بلتستان میں ٹیکس کا نفاذ کسی صورت قابل قبول نہیں ، مکمل آئینی حقوق کے حصول تک ٹیکس ہر گز ادا نہیں کرینگے، مجلس وحدت المسلمین

ملت کے جعفریہ کے بے گناہ افراد کی جبری گمشدگی اور ماورائے آئین گرفتاریوں پر ہمیں انتہائی تشویش لاحق ہے

اتوار 19 نومبر 2017 19:41

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2017ء) ایم ڈبیلو ایم گلگت بلتستان کے ڈپٹی جنرل سکرٹیری احمد علی نوری ، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء عبد اللہ حیدری ، آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنماء منظور یولتر ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء احمد علی ، بلتستان یوتھ الانس کے رہنماء علی شفا ، گلگت بلتستان یوتھ الانس کے رہنماء شیخ حسن جوہری ، جی بی تھنکرز فورم کے سپیکر حاجی زرمست خان ، آئی ایس او بلتستان ڈویژ ن کے صدر اور دیگر نے پریس کلب سکردو میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ملت کے جعفریہ کے بے گناہ افراد کی جبری گمشدگی اور ماورائے آئین گرفتاریوں پر ہمیں انتہائی تشویش لاحق ہے ، ٹیکس کا نفاذ گلگت بلتستان میں کسی صورت قابل قبول نہیں ، مکمل آئینی حقوق کے حصول تک ٹیکس ہر گز ادا نہیں کرینگے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء سید ناصر عباس شیرازی کا اغواء ریاستی دہشتگردی ہے ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ناصر شیرازی سمیت دیگر جبری گمشدگان کا اغواء ماورائے آئین اور جمہوری اقدار کے منافی ہے پاکستان کی معزز عدلیہ کی بار بار اصرار کے باوجود مغوی کو عدالت میں پیش نہ کرنا عدالت کے ساتھ مذاق اور توہین عدالت کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

لاہور کی اہم شاہراہ سے ایلیٹ فورس کی گاڑی میں آکرمسلح اہلکاروں کی جانب سے ناصر شیرازی کو اغواء کرنا اور اس پر حساس اداروں کی جانب سے لاعلمی کا اظہار جہاں ان اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے وہیں ملکی سا لمیت کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔