وزیر اعظم وزارت خزانہ کے معاملات بھی اپنے ہاتھ میں لیں، شاہد رشید بٹ

ملک ادائیگیوں کے توازن کے سنگین بحران کی طرف بڑھ رہا ہے

اتوار 19 نومبر 2017 19:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2017ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے اسلئے وہ وزارت پٹرولیم کے ساتھ وزارت خزانہ کے معاملات بھی اپنے ہاتھ میں لیں تاکہ ملک کو مزیدمعاشی عدم استحکام سے بچایا جا سکے۔ملک ادائیگیوں کے توازن کے سنگین بحران کی طرف بڑھ رہا ہے جبکہ موجودہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو مختلف مقدمات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے انکے لئے فرائض کی بجا آوی مشکل ہو گئی ہے ۔

بظاہر وہ پاکستان آنے کو تیار نہیں اور وہ لندن یا دبئی میں بیٹھ کر پاکستان کے ضروری معاشی معاملات کے حل میں کوئی کردار اادا نہیں کر سکتے۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی فوری طور پر کسی اہل شخص کو وزیر مملکت برائے خزانہ تعینات کرنے اور اکنامک ایڈوزئیزی کونسل قائم کرنے پر بھی غور کریں کیونکہ ملک کو بحران سے بچانے کیلئے فوری طور پر کم از کم چار اب ڈالر کی ضرورت ہے جسکے لئے سکوک بانڈ جاری کرنے اور دیگر زرائع اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر عمل درامد کیلئے وزارت خزانہ کا فعال ہونا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

بانڈ جاری کرنے کے عمل میں کئی اہم ممالک میں روڈ شوکئے جائیں گے جس میں ملک کی نمائندگی بیوروکریسی پر نہیں چھوڑی جا سکتی کیونکہ اس سے منفی تاثر پیدا ہو گا جس کا ملک متحمل نہیں ہو سکتا۔ شاہد رشید بٹ نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ کی صورتحال سب کے سامنے ہے، گرتی برامدات اور بڑھتی ہوئی درامدات کے سبب زرمبادلہ کے ذخائر پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں، دو سال میں غیر ملکی قرضوں میں 8.7 کھرب روپے کا اضافہ ہو چکا ہے ، اہم معاملات پر فیصلے رکے ہوئے ہیںجبکہ کئی اہم توانائی کے منصوبوں سمیت اقتصادی امور توجہ کے طالب ہیں جنھیںمسلسل نظر انداز کرنا فاش غلطی ہو گی۔