عوا م کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میںشامل ہے ،سیکرٹری صحت

اتوار 19 نومبر 2017 19:41

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2017ء) سیکرٹری صحت جاوید انور شاہوانی نے کہا ہے کہ صوبے بھر کے عوا م کی صحت کی بنیادی سہولیات کی ان کے دہلیز پر پہچاناموجودہ حکومت کی ترجیحات میںشامل ہے۔ موجودہ صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبے کے دورافتادہ علاقوںمیں ڈاکٹرز اور متعلقہ عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں اور عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے عنقریب یونیورسل ایکس نمبر جاری کرکے ایک مانیٹرنگ سیل بنایاہے۔

یہ بات انہوںنے گذشتہ روز شیخ زید ہسپتال کے اچانک دورے کے موقع پر کہی۔اس موقع پر انہوںنے ہسپتال کے تمام شعبہ جات کامعائنہ کیا اور اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر امیر گچکی نے سیکرٹری صحت کو ہسپتال کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ شیخ زید ہسپتال 2007سے صوبے بھر میںصحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں جس مختلف یونٹس جن میں جنرل میڈیسن ، پیڈز میڈیسن، جنرل سرجری، پلاسٹک سرجری ، ای این ٹی ، امراض چشم،دندان، گائنی، فزیو تھراپی، کارڈیالوجی، گیسٹرولوجی، ایم آر آئی ، سی ٹی اسکین، فلورو سکوپی، لیبارٹری اور انتہائی نگہداشت کے شعبے کام کررہے ہیں اس سال 650 مریضوں کے یرقان کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں جبکہ 550 مریضوں کو ویکسین لگائے گئے ہیں ٹی بی کے 600 مریضوں کا ٹیسٹ اور150مریضوں کو علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

ای پی آئی کے تحت 21512 بچوں کو مختلف ٹیکہ جات لگائے گئے ہیں۔ہسپتال میں روزانہ 1500کے قریب اوپی ڈی میں مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کی اور انہیں ہدایات جار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہسپتال کو مزید فعال بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں جبکہ ہسپتال میںمزید ڈاکٹرز اور لیڈی میڈیکل آفیسرز کو کمیشن پاس ڈاکٹرز جوعنقریب محکمہ صحت کو جوائن کریںگے ہسپتال میں ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی اس موقع پر انہوںنے ڈاکٹرز کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مزید بہتر بناکر لوگوں کی خدمت کریں۔

انہوںنے کہا کہ صوبے بھرمیں ڈاکٹرز اور عملہ اپنی حاضری کو ہر صورت یقینی بنائیں کیونکہ ان کا پیشہ انتہائی مقدس ہے جبکہ عنقریب محکمہ صحت میں ان کی نگرانی میںایک مانیٹرنگ سیل کا قیام عمل میں لایا جارہاہے جس میں ایک یونیورسل ایکس نمبر حاصل کرکے عوام کو مہیا کیا جائے گا جہاںپر وہ اپنی شکایات درج کراسکیں گے دورے میںایڈیشنل سیکرٹری صحت عبدالرؤف بلوچ، چیف پلاننگ آفیسر عبدالرسول زہری، ڈاکٹر کمالان اور دیگر متعلقہ حکام بھی انکے ہمراہ تھے۔