جو لوگ خواتین کی عزت نہیں کرتے وہ قوم کے سامنے بے نقاب ہورہے ہیں،فریال تالپور

آنے والی نسلوں کے بہترین مستقبل کیلئے بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوںگے، پیپلزپارٹی خواتین کی عزتی کرتی ہے اور معاشرے میں خواتین کے اعلیٰ مقام کیلئے کام کررہی ہے پیپلزپارٹی شعبہ خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور کا اسلام آباد میں خواتین ونگ اجلاس سے خطاب

اتوار 19 نومبر 2017 19:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین ونگ کی صدر اور رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ جو لوگ خواتین کی عزت نہیں کرتے وہ قوم کے سامنے بے نقاب ہورہے ہیں، آنے والی نسلوں کے بہترین مستقبل کیلئے بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوںگے، پیپلزپارٹی خواتین کی عزتی کرتی ہے اور معاشرے میں خواتین کے اعلیٰ مقام کیلئے کام کررہی ہے۔

زرداری ہائوس اسلام آباد میں خواتین ونگ کے ایک اجلاس جو پارٹی کے یوم تاسیس کی تیاریوں کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے مسز فریال تالپور نے کہا کہ 5دسمبر کو اسلام آباد میں ہونے والے یوم تاسیس کے جلسے میں خواتین کی بھرپور شرکت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو فخر ہے کہ وہ قائدعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے فلسفے اور نظریے پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید آج بھی زندہ ہے، ان کی سوچ اور فکر ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کرکے پاکستان کی خواتین کا یہ حق تسلیم کرایا کہ ریاست کے ثمرات پر ان کا بھی حق ہے۔ مسز فریال تالپور نے کہا کہ جو لوگ خواتین کی عزت نہیں کرتے وہ قوم کے سامنے بے نقاب ہورہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں خواتین بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی اور خواتین کا ووٹ ہی ملک کے بہتر مستقبل کی بنیاد ہوگا۔اجلاس میں نرگس فیض ملک، ناصرہ میو، پی پی پی شعبہ خواتین اسلام آباد کی عہدیداران شریک تھیں۔