بلوچستان میں دہشتگردی کی تازہ لہر کی پشت پر بھارت ہے مکروہ چہرے کو عالمی برادری میں بے نقاب کیا جائے‘ لیاقت بلوچ

حکومت انسانی اسمگلروں کے ملک بھر میں پھیلے نیٹ ورک توڑے ، یہ دہشتگردی سے کسی صورت میں کم نہیں ہیں‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

اتوار 19 نومبر 2017 18:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ بلوچستان ضلع کیچ تربت کے بارڈر ایریا میں بے گناہ ،سہانے مستقبل کے متلاشی، انسانی اسمگلروں کے یرغمالی بے دردی سے قتل کردیے گئے ہیں 20اور افراد بھی ظلم کرنے والے گروہ کے قبضہ میں ہیں ، قاتلوں نے بیک وقت دہشتگردی ، ناجائز دھندے کی سرپرستی اور صوبائی تعصبات کی آگ بھڑکانے کا خوفناک عمل کیاہے ،بلوچستان میں دہشتگردی کی تازہ لہر کی پشت پر بھارت ہے ،دہشتگرد گروہوں کے خلاف سخت ترین کاروائی بھی ہو اور بھارتی مکروہ چہرے کو عالمی برادری میں بے نقاب کیا جائے ۔

لیاقت بلو چ نے غمزدہ خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت انسانی اسمگلروں کے ملک بھر میں پھیلے نیٹ ورک توڑے ، یہ دہشتگردی سے کسی صورت میں کم نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ اسلام آباد میں دھرنا کے شرکاء کو تشدد اور ریاستی طاقت سے ہٹانے کی بجائے حکومت نتیجہ خیز مذاکرات کرے ، سنگین غلطیاں حکومت کی ہیں ، دھرنے والوں کے مطالبات تسلیم کیے جائیں ۔

دریں اثنالیاقت بلوچ نے مسلم ٹائون میں نوجوان طلبہ کے کرکٹ ٹورنامنٹ اور گوپال نگر گلبرگ میں فری میڈیکل کیمپ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کھیل کے میدان میں آباد ہونے سے تعلیمی سرگرمیاں بڑھیں گی ۔ منشیات ، جوا اور سٹریٹ کرائم بھی ختم ہوں گے ۔ ریاستی نظام نوجوانوں کی سرپرستی کرے ، تعلیم ، روزگار اور کھیل کی سرگرمیوں میں سہولت مہیا کی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن انسانیت کی بے لوث خدمت کر رہی ہے ۔ تعلیم ، میڈیکل ، صاف پانی ، آرفن کیئر ، تھر پار کر میں خدمات ، ڈیزاسٹرمیں ریلیف ریسکیو کاکام قابل قدر ہے ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں غریب کے علاج اور طبی سہولتیں دینے میں ناکام ہیں ۔