گورنرپنجاب رفیق رجوانہ سے سعودی عرب ،ترکی اور تاجکستان کے سفیروں کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور،مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہٴ خیال

اتوار 19 نومبر 2017 18:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) گورنرپنجاب ملک رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میںسعودی عرب کے سفیر نواب سعید المالکی ،ترکی کے سفیر محمد صادق بابر گریگن اور تاجکستان کے سفیر شیر علی جنانو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امورسمیت ایک دوسرے کے ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہٴ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے دُنیا میں قیام اًمن کے لئے گراں قدر قربانیا ں دی ہیں جنہیں اقوام عالم میں ہر سطح پر سراہا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ،ترکی اور تاجکستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعلقات باہمی احترام اور تعاون کے رشتے پر قائم ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات مزید مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ پاکستان دُنیا کے ان چند ممالک میں سے ہے جو قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں کی عوام پُرامن،محنتی اور محب وطن ہے جو مسائل کا سامنا کرنے اور اس پر قابو پانے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے بعد پاکستانی معیشت دُنیا میں ابھر کر سامنے آئی ہے یہی وجہ ہے کہ آج غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

اس موقع پر غیر ملکی سفیروں نے کہا کہ ان کے ممالک پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی اقتصادی وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج جس طرح بیرونی دُنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کو ترجیح دے رہی ہے یہ پاکستانی حکومت کی کامیاب پالیسیوں کے ساتھ ساتھ بہترین سفارتی حکمت عملی کا بھی عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ممالک پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو نئی وسعت کے خواہاں ہیں۔