جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں قائدین کے طوفانی دورے

جنیوا کنونشن میں پاکستان سے تحفظ ناموس رسالت قانون ختم کرنے کا امریکی مطالبہ قابل مذمت ہے، اسد اللہ بھٹو مدینے جیسی مثالی ریاست کا قیام ہی آج کے تمام مسئل کا حل ہے جس کیلئے جماعت اسلامی جدوجہد کرہی ہے،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ

اتوار 19 نومبر 2017 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) جماعت اسلامی سندھ کے تحت ملک گیر رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں اتوار کو کراچی سمیت سندھ بھر میں دعوتی و تبلیغی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جہاں پر مرکزی و صوبائی قائدین نے دورہ اور مقامی کارکنان کے ہمراہ اہم بازاروں اور گھرگھر جا کر لوگوں سے رابطہ، جماعت اسلامی کی دعوت و منشور اور سینیٹر سراج الحق کا پیغام پہنچایا۔

مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق ، صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے ککری گراؤنڈ میں منعقد دعوتی اجتماع سے خطاب کیا۔ جبکہ مرکزی رہنماؤں اسد اللہ بھٹو، راشد نسیم، ممتاز حسین سہتو ، محمد حسین محنتی، حافظ نصراللہ عزیز، عظیم بلوچ و دیگر رہنماؤں نے اندرون سندھ مختلف مقامات پرپہنچ کر دورہ اور رابطہ مہم میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

بڑے پیمانے پر ہینڈ بلز و دعوتی لٹریچر تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کراچی وبدین میںرابطہ عوام مہم کیمپ کے دورے کے دوران اپنے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی ظالم و مظلوم کی جنگ جاری ہے حکمران عرش پر تو عوام فرش پر ہیں جبکہ عام آدمی اپنے مستقبل سے مایوس ہے۔ مدینے جیسی مثالی ریاست کا قیام ہی آج کے تمام مسئل کا حل ہے جس کیلئے جماعت اسلامی جدوجہد کرہی ہے۔

رابطہ عوام مہم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ جنیوا کنونشن میں پاکستان سے تحفظ ناموس رسالت قانون ختم کرنے کا امریکی مطالبہ قابل مذمت امت مسلمہ پر حملہ اور مذہبی آزادی کے منافی ہے۔ کوئی بھی مسلمان پھر چاہے وہ کتنا ہی کیوں نہ گنہگا رہو وہ اپنا سرتو قلم کروا سکتا ہے مگر اپنے نبی کی شان میں کوئی گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔ اسلام و کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آنے والے ملک کی اسمبلی میں تحفظ ناموس رسالتﷺ اور ختم نبوت قانون پر ضرب کاری لگائی جاتی ہے مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔

یہ بے حسی و غیروں کی غلامی کی انتہا ہے۔ عوام یہ پوچھنے کا حق رکھتے ہیں کہ یہ حرکت کس نے کی۔ کمیٹی کی رپورٹ سے قوم کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالم کفر اسلام اور مصطفوی تہذیب سے خوفزدہ ہے۔ مسلمانوں کو قرآن اور اپنے نبی ﷺکے رشتے سے کوئی بھی طاقت الگ نہیں کرسکتی جب دہشت گردوں، چوروں کا سہولتکادہشتگر و اورچور ہے تو قادیانیوں کے سہولتکار کو کیا کہا جائے۔

صوبائی جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج صوبہ سندھ میں ایسے بادشاہوں کے نرغے میں ہے جنہوں نے یہاں کے مزدوروںہاریوں کا حال و مستقبل تاریک کردیا ہے۔ قدرتی وسائل سے مالامال ہونے کے باوجود غربت افلاس کے ڈیرے ہیں ۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے کہ جس کے پاس کوئی جاگیردار نہیں ہے۔ مزدوروں کسانوں کو اپنے بہتر مستقبل کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چوروں کوسرکاری پرٹوکول اور عدالتی پیشی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرنا قومی المیہ اور ہٹ دھرمی کی انتہا ہے۔ خوشحال ، پرامن اور مستحکم پاکستان کیلئے بلا تفریق کرپٹ لوگوں کا احتساب نا گزیر ہے۔

متعلقہ عنوان :