شفاعت رسولﷺ حاصل کرنے کیلئے احکامات خداوندی پر عمل کرنا ہوگا، دردانہ صدیقی

اللہ ہی دنیا و آخرت کا مالک ہے، پوری کائنات کی بادشاہی اسی کی ہے، تمام چرندو پرند حتی کہ ہرجاندار اس کے حکم کے مطابق کام کرتا ہے

اتوار 19 نومبر 2017 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ہی دنیا و آخرت کا مالک ہے، پوری کائنات کی بادشاہی اسی کی ہے، تمام چرندو پرند حتی کہ ہرجاندار اس کے حکم کے مطابق کام کرتا ہے، وہ دنیا اور روز جزا کا مالک ہے، ہم بھی اللہ کے حکم کے تابع ہیں اور دنیا کا نظام بھی اس کے حکم کے مطابق چلانا ہے، ان کا کہنا تھا کہ شفاعت رسولﷺ حاصل کرنے کے لیے احکامات خداوندی پر عمل کرنا ہوگا، ہمیں منافقت اور دورنگی چھوڑ کر اسی کے رنگ میں رنگنا ہوگا اور یہی ہماری دنیا و آخرت میں کامیابی کا راز ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو جو حقوق دیے وہ کسی اور مذہب میں نہیں، خواتین کے حقوق کے علمبردار ہی خواتین کا استحصال کر رہے ہیں، خواتین اسلامی شعائر کے مطابق زندگی گزارکر ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتی ہیں ، اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کے لیے ضروری ہے کہناسلامی شعائر کو اپنایا جائے زندگی کے ہر شعبے میں اللہ کے احکامات کی پابندی کی جائے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پردہ خواتین کی ترقی میں رکاوٹ نہیں، باپردہ خواتین نے قیام پاکستان سے اب تک ملکی ترقی میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ وطن عزیز میں پردہ، داڑھی اور اسلامی شعائر کا مذاق اڑایا گیا، اللہ کے احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ی جارہی ہیں، ختم نبوت کے قانون میں ترامیم کی کوششیں کی جا رہی ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم مسائل و مشکلات کا شکار ہوگئے، مصائب نے ہمیں گھیر لیا۔

اگر ہم مسائل سے نجات چاہتے ہیں تو قرآن کو اپنا امام بنانا ہوگا، اسلامی شعار کو اپنانا ہوگا اور اسلامی انقلاب اور تبدیلی کے لیے ایسے لوگوں کا ساتھ دینا ہوگا جو دنیا پر اللہ کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کرپشن سے پاک دیانت دار قیادت ہی اس ملک میں تبدیلی لا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :