ضلع شرقی50 واں یوم تاسیس بھرپور جوش وجذبہ سے منائے گی‘ اقبال ساند

پیپلز پارٹی کو ختم کرنے والے آج منوں مٹی تلے سوئے ہوئے ہیں‘لالہ عبدالرحیم و وقاص شوکت ‘مشترکہ بیان

اتوار 19 نومبر 2017 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر اقبال ساند، جنرل سیکریٹری لالا عبدالرحیم اور سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی 50 واں یوم تاسیس بھرپور جوش وجذبہ سے منانے کیلئے 26نومبرمدراس چوک پر عظیم الشان جلسہ و عوامی طاقت کا مظاہرہ کرکے مخالفین کی نیند حرام کر دیگی اور جمہوری دشمنوں اور سرمایہ داراوں کا قلع قمع کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ختم کرنے والے آج منوں مٹی تلے سوئے ہوئے ہیں جبکہ اس کو گمنام سمجھنے والے احمقوں کی جنت کے سردار بنے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی 50سالہ تاریخ جدوجہد، قربانیوں، دلیری، ہمت اور جوش سے بھرے پڑی ہے۔ پیپلز پارٹی پاکستان کی واحد جماعت ہے جس نے جمہوریت اور عوام کی فلاح کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں پیش کی اور اپنے کارکنان سمیت قائدین شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جانوں کے نذرانہ تک پیش کئے مگر کبھی عوام کو تن وتنہا نہیں چھوڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے 50سالوں میں ملک وعوام کے لئے ایسے تاریخی کام سرانجام دیئے ہیں جو رہتی دنیا تک ان کے نام رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی باشعور عوام پی پی پی کے خلاف منفی پروپیگنڈوں سے باخوبی واقف ہے جس کا جواب وہ 2018کے الیکشن میں ووٹوں کے ذریعے دیگی۔انہوں نے کہا کہ2018کے الیکشن میں پیپلز پارٹی سندھ خاص طور پر کراچی میں واضح اکثریت سے برتری حاصل کرے گی ۔ انہوں نے ضلع شرقی کے تمام سٹی ایریا کے سابق عہدیداران وکارکنان کو ہدایت کی کہ پارٹی کے یوم تاسیس کو منانے کیلئے بھرپور تیاریاں کی جائیں۔