Live Updates

پارٹی کارکنان عمران خان کا پیغام گلی گلی گھر گھر پہنچانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں،ڈاکٹر عارف علوی

سندھ میں اس وقت لٹیروں کی حکومت قائم ہے جو دیمک کی طرح سندھ کے وسائل پر لگے ہوئے ہیں ، صدر تحریک انصاف سندھ

اتوار 19 نومبر 2017 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علو ی نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف وفاق کے ساتھ ساتھ سندھ کی بھی سب سے بڑی پارلیمانی جماعت بن کر ابھرے گی ۔ پارٹی کارکنان چیئرمین عمران خان کا پیغام گلی گلی گھر گھر پہنچانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔

سندھ میں اس وقت لٹیروں کی حکومت قائم ہے جو دیمک کی طرح سندھ کے وسائل پر لگے ہوئے ہیں ۔ یہ باتیں انہوں نے دو روزہ سندھ کے دورے کے موقع پر نواب شاہ، سانگھڑ، میر پور خاص، بدین، ٹنڈو محمد خان میں مختلف اجتماعات اور شمولیتی پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سندھ کے سینئر ایگزیکٹیو نائب صدر حلیم عادل شیخ، جنرل سیکریٹری افتخار سومرو اور دیگر رہنما بھی موجودد تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ زرداری ٹولہ مسلسل 10سال سے سندھ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے ۔ تحریک انصاف اقتدار میں آ کر ان چوروں سے سندھ کی لوٹی ہوئی دولت کے ایک ایک پائی کا حساب لے گی ۔ تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر پیپلز پارٹی قیادت حواس باختہ ہوچکی ہے اسی لئے پولیس گردی کے ذریعے تحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنان پر جھوٹے مقدمات بنا کر انہیںڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

زرداری ٹولہ جان لے کہ تحریک انصاف کے کارکنان اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ۔ سندھ کے عوام کو محرومیوں سے نکالنے کے لئے چیئرمین عمران خان بار بار سندھ کا دورہ کریں گے اور ان چوروں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ سندھ کا مستقبل تحریک انصاف سے وابستہ ہے اورسندھ کے عوام تبدیلی کے لئے تحریک انصاف اور چیئرمین عمران خان کی طرف دیکھ ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات