پیپلزپارٹی کے درجن سے زائد ارکان سندھ اسمبلی ہم سے رابطے میں ہیں، ایازلطیف پلیجو،سردار رحیم

سندھ کی تقسیم کی ساز ش کرنے والوں کو اتحاد میں شامل نہیں کیا جائے گا،اسٹیبلشمنٹ سے درخواست ہے پیپلزپارٹی کو سندھ کے عوام پر دوبارہ مسلط نہ کیا جائے،کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس

اتوار 19 نومبر 2017 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی ای) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ایک درجن سے زائد ارکان سندھ اسمبلی ہم سے رابطے میں ہیں، سندھ میں آئندہ حکومت جی ڈی اے کی ہوگی، سندھ کی تقسیم کی ساز ش کرنے والوں کو اتحاد میں شامل نہیں کیا جائے گا،اسٹبلشمنٹ سے درخواست ہے کہ پیپلزپارٹی کو سندھ کے عوام پر دوبارہ مسلط نہ کیا جائے، جی ڈی اے کا سکھر جلسہ سندھ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا،ان خیالات کا اظہار جی ڈی اے کے مرکزی سیکرٹری جنرل ایاز لطیف پلیجو، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سردار رحیم اور فنکشنل لیگ کے سیکرٹری اطلاعات عبدالکریم شیخ نے اتوارکو کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے سندھ کو برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی یہاں پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولت بھی دستیاب نہیں ہے۔

(جاری ہے)

26 نومبر کا جلسہ جی ڈی اے کا جلسہ سندھ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، جی ڈی اے حیدرآباد کے اپنے ہی جلسے کا ریکارڈ توڑے گا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے سوال ہے کہ 80 فیصد سے زائد افراد پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں یہ ہماری نہیں ورلڈ بینک کی رپورٹ ہے۔

نو دس سال حکمرانی کرنے کے باوجود پینے کا پانی مہیا نہ کرنا کہاں کا انصاف ہے ۔سندھ کے آبادگاروں کے ساتھ ظلم ہے تاحال گنے کے ریٹ مقرر نہیں کرسکے یہ حکومت کی ناکامی ہے آبادگاروں کو نقصان پہنچانے کی سازش اور شوگر ملز مالکان کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔جی ڈی اے رہنمائوں نے کہاکہ سندھ کو این ایف سی اور قابل تقسیم محاصل کے تحت 2کھرب روپے ملے ہیں انفراسٹریکچر تباہ ہے یہ فنڈز کہاں لگے ہیں کرپٹ حکمرانوں کے پاس ان سوالوں کے جواب نہیں ہیں۔

کرپشن زدہ وزراء ان کے سر کے تاج کیوں بنے ہوئے ہیں۔پیپلزپارٹی کی حکومت کو جی ڈی اے عوام دشمن حکومت سمجھتا ہے۔آصف زرداری کی سربراہی میں کرپٹ ٹولے نے صوبے کو گھیرے میں لیا ہوا ہے جی ڈی اے سندھ میں متبادل قیادت مہیا کررہا ہے پیپلز پارٹی کے کئی اراکین اسمبلی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔ جانبدار نگراں حکومت کسی صورت قبول نہیں ہوگی 2013 والی نگراں حکومت قبول نہیں کس کے تمام اختیارات فریال تالپور اور آصف زرداری کے پاس تھے۔

انہوں نے کہاکہ نیب کے نئے چیئرمین خاموش کیوں ہیں جنوبی ایشیا سمیت پوری دنیا کو پتہ ہے سندھ میں دنیا بھر سے زیادہ کرپشن ہے میاں نواز شریف سے پوچھتے ہیں کہ انہوں نے کس کے کہنے پر آصف زرداری کو دے دیا کوئی گرفت نہیں ہوگی شرجیل میمن کا جیل جانا ڈرامہ ہے وہ اسپتال منتقل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضیلہ سرکی، نائیلہ رند پر بلاول ، بختاوریاآصفہ کا کوئی ٹوئٹ کیوں نہیں آیا ویسے تو ہر معاملے پر وہ ٹوئٹ کرتے پھرتے ہیں۔

آصف زرداری سندھ کے خلاف سازش میں مصروف ہے جی ڈی اے کو رجسٹرڈ کرانے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر جی ڈی اے رہنمائوں نے کہا کہ اتحاد کو رجسٹرڈ کرانے کے لئے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا ہے لیکن الیکشن کمیشن کے پاس الائنس کو رجسٹرڈ کرنے کے لئے فی الحال کوئی فریم ورک نہیں ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ الائنس کو جلد رجسٹرڈ کرالیا جائے جی ڈی اے جمہوری پراسس کو جاری دیکھنا چاہتا ہے لیکن دوسری طرف آئندہ الیکشن میں آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا اترنے والے ہی اہل ہونے چاہئیں آرٹیکل 62 63کو صرف مذہبی لحاظ کے علاوہ سیاسی لحاظ سے بھی دیکھا جائے۔

جی ڈی اے کی پالیسی واضح ہے کہ سندھ کی تقسیم کی سازش کرنے والوں کو اتحاد میں شامل نہیں کریںگے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام کی خدمت کرنے والے شفاف لوگوں کو اتحاد میں شامل کیا جاسکتا ہے ہم پیپلزپارٹی کے بلدیاتی ایکٹ کو یکسر مسترد کرتے ہیں انتظامیہ کو سکھر جلسے کے لئے درخواست دے دی ہے تاہم ہم نجی گرائونڈ پر جلسہ کررہے ہیں جس کے لئے باضابطہ اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ جلسے کی سیکورٹی کے لئے بھی درخواست دے دی ہے کیوں کہ جلسہ سے پیر صاحب پگارا بھی خطاب کریںگے۔انہوں نے بتایا کہ جلسہ روہڑی بائی پاس پر ہوگا

متعلقہ عنوان :