عمران نیاز ی کی جانب سے چھوٹے صوبوں کے ساتھ کی جانیوالی زیادتی پر افسوس ہے،الیاس بلور

تحریک انصاف کے چیئرمین نے اپنے سینیٹرز کو سینیٹ میں آنے سے روک دیا ہے جو اس پسماندہ صوبے کے غیور عوام کے ساتھ سراسر زیادتی کے مترادف ہے

اتوار 19 نومبر 2017 18:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹ آف پاکستان میںپارلیمانی لیڈراور ملک کے ممتاز سینئر پارلیمنٹرین سینیٹر الیاس احمد بلورنے عمران نیاز ی کی جانب سے چھوٹے صوبوں کے ساتھ کی جانیوالی زیادتی پر افسوس اور تعجب کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی نشستوں میں اضافے کے حوالے سے آئین میں 24 ویں ترمیمی بل کی منظوری کے بعد اب سینیٹ آف پاکستان میں اس بل میں کی جانیوالی ترمیم کو منظور کرکے اسے آئین کا حصہ بنانا ہے لیکن تحریک انصاف کے چیئرمین نے اپنے سینیٹرز کو سینیٹ میں آنے سے روک دیا ہے جو اس پسماندہ صوبے کے غیور عوام کے ساتھ سراسر زیادتی کے مترادف ہے ۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ قومی اسمبلی میں خیبر پختونخوا 5نشستوں میں اضافہ کا بل منظور ہوگیا ہے جو آج بروز پیر سینیٹ آف پاکستان میں حتمی منظوری کے بعد پیش کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز بھی تحریک انصاف کا کوئی سینیٹر سینیٹ میں نہیں آیا ورنہ اسی روز یہ ترمیمی بل منظور ہوجاتا۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی چھوٹے صوبوں کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں اور انہیں اپنے سینیٹرز کو بل کی منظوری اور آئینی ترمیم کے لئے بلائے گئے سینیٹ کے اجلاس میں آنے سے نہیں روکنا چاہئے ۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہاکہ آئینی ترمیم کے بعد خیبر پختونخوا کی قومی اسمبلی میں 5نشستوں میں اضافے سے تمام سیاسی پارٹیوں کو فائدہ ہوگا اور انہیں قومی اسمبلی میں نمائندگی کا موقع ملے گا جس سے صوبے کے عوام کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے تحریک انصاف کے سینیٹرز سے کہا کہ وہ اس صوبے کے عوام کے وسیع تر مفاد میں آج ہونے والے سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کریں اور آئین میں 24ویں ترمیم کے بل کی قومی اسمبلی میںمنظوری کے بعد اس ترمیمی بل کو سینیٹ میں بھی بھاری اکثریت سے منظور کرواکر صوبے کے عوام کا حق ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :