تحریک انصاف کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے،محمدعاطف

پاکستان کی تاریخ میں یہ واحد پارٹی ہے کہ ساڑھے چار سال حکومت کرنے کے باوجود لوگ اس پارٹی میں جوق در جوق شمولیت اختیار کررہے ہیں،وزیرتعلیم خیبرپختونخوا

اتوار 19 نومبر 2017 18:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم و برقیات اور پاکستان تحریک انصا ف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل محمد عاطف خان نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں یہ واحد پارٹی ہے کہ ساڑھے چار سال حکومت کرنے کے باوجود لوگ اس پارٹی میں جوق در جوق شمولیت اختیار کررہے ہیں۔

وہ حلقہ پی کی23یونین کونسل مردان خاص میں جمنازیم،پیرانو پارک کی تزئین و آرائش کے منصوبے اور بیڈ منٹن حال کی افتتاح کے بعد پیرانو پارک مردان میں ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔جلسے سے حلقہ پی کی23کے سابق امیدوار عمر فاروق کاکاخیل اورضلع کونسل کے رکن علی گوہر لالا جی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس جلسے میںمردان خاص آئی ایس ایف تنظیم کے ممبران اور عہدیداران اور ہزاروں کی تعداد میں اہلیان مردان خاص نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر دیگان خیل کے علی خان ،حاجی محمد جان ،مردان خاص سے اے این پی کے سابق صدر انعام خان خیل،پیر اکرام شاہ باچا،ضیاء الدین کاکا اور ڈسٹرکٹ چیئرمین صرافہ ایسوسی ایشن محمد سلیم صراف نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت دوسری پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمد عاطف خان نے کہا کہ عوام کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ تحریک انصاف کی لیڈر شپ بدمعاشوں کو بڑھاوا نہیں دے رہی بدقسمتی سے ہمارے ملک کے سیاسی لیڈر شپ کا انحصار بدمعاش عناصر پر رہا ہے جس کی وجہ سے ہمارا پورا معاشرہ منفی رنگ میں رنگ گیا۔یہ لوگ اپنے ناپاک عزائم کو ان بدمعاش عناصرکے ذریعے عملی جامہ پہناتے رہے ہیں ۔

ہمارے اور ان روایتی سیاستدانوں کے درمیان فرق یہی ہے کہ ہم معاشرے کو شرافت اور انسانیت کے بنیاد پر فروغ دینے کا ایجنڈا رکھتے ہیں ۔ہماری نظر قوم بنانے پر ہے جبکہ ان روایتی سیاستدانوں کی نظر اپنی جیبیں بھر نے پر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلی مرتبہ حکومت میں آئے ہیں ہمارے تجربے میں کمی ہوسکتی ہے لیکن ہماری نیت اور سوچ میں کمزوری نہیں ۔

ہم اخلاص کے علمبردار ہے اور ہمارا اخلاص ہی ہمیں دوسری تمام سیاسی پارٹیوں سے ممتاز کرتا ہے ۔عاطف خان نے کہا کہ ہم نے اپنے ملک اور قوم کی تشکیل نو کرنی ہے ہماری عوام سے گزارش ہے کہ وہ ہماری کمزوریوں کے ساتھ ساتھ ہماری مثبت باتوں پر بھی نظر رکھیں۔ہمارے عوام نے ستر سال کا عرصہ دوسرے حکمرانوں کو دیا ہے اب ہمیں بھی ایک مرتبہ پورے ملک کی سطح پر منتخب کر کے خدمت کا موقع دیں۔

ہماری فکر اور نظر وطن عزیز کو ایک باعزت خودمختار اور مستحکم ملک میں تبدیل کرنا ہے جس پر نہ صرف ہماری قوم فخر کر سکیں بلکہ ہمارے وجود کا ہر ایک مخالف بھی ہم سے دوستی کا خواہشمند بنے۔ہم اپنے سیاسی مخالفین کو بھی یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہم ان کے بھی خیر خواہ ہے اور انہیں بھی ایک مثبت طرز سیاست اختیار کرنے کی دعوت دیتے ہیں ۔وہ بھی ہمیں سمجھنے کی کوشش کریں ۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ہر لیول پر ایک مشکل صورتحال کا سامنا ہے ہم تقسیم در تقسیم کے عمل سے گزر رہے ہیں آج ہمیں عمران خان کی شکل میں ایک لیڈر ملا ہے جو ہمیں ایک ایماندار قوم بنانے کی جستجو کررہا ہے ۔اس ملک میں سب کچھ ہے اور نہیں تو انصاف نہیں ۔انشاء اللہ 2018میں جب عمران خان اس ملک کا وزیر اعظم بنے گا تو پھر ہمارے نوجوانوں کو نوکریوں کے لئے باہر کے ممالک میں جانے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ دوسرے ممالک کے لوگ بھی یہاں نوکریوںکے لئے آئیں گے۔