سرکاری خرچ پر جلسیوں کے انعقاد سے نواز شریف کی سیاست بحال نہیں ہو گی‘عبدالعلیم خان

نواز لیگ اقتدار بچانے کی فکر میں عوام کی زندگیاں عذاب میں مبتلا کر رہی ہے ‘کارکنوں سے خطاب

اتوار 19 نومبر 2017 18:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سرکاری خرچ پر جلسیوں کے انعقاد سے نواز شریف کی سیاسی ساکھ بحال نہیں ہوگی ۔انہوں نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک نااہل شخص کے استقبال کی تیاریوں کیلئے ایبٹ آباد میں کالجز کے ہوسٹلز خالی کروانا شرمناک ہے، لوٹ مار کیلئے ملک کے مستقبل سے کھیلنے والوں سے مستقبل کے معماروں کیساتھ اچھے سلوک کی توقع نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے خط لکھے جانے کے بعد کرپٹ ٹبر اور اسحاق ڈار کے نام ای سی ایل میں ڈالے جانا چاہیں لیکن دفاع کرپشن کابینہ میں شامل وزیر داخلہ میں اتنی جرات کبھی نہیں آئے گی کہ جمہوری آمروں کیخلاف کوئی قدم اٹھاسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نااہلوں کا ٹولہ ملکی معاملات کو سنبھالنے میں قطعی طور پر ناکام ہوچکا ہے،عوام کے جذبات مجروح کرنے والے ایک شخص کو بچانے کیلئے اسلام آباد میں دھرنا دینے والوں کی کوئی پرواہ نہیں کی گئی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک میں پائی جانے والی بے چینی کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری میں 49فیصد کمی ہوچکی،نواز لیگ اقتدار کو بچانے کی فکر میں عوام کی زندگیوں کو عذاب میں مبتلا کررہی ہے،فوری طور پر نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :