بلوچستان میں بے گناہ پاکستانیوں کے قاتل دہشتگردوں کو ہندوستان ،افغانستان کے خفیہ اداروں کی مدد حاصل ہے‘ طاہر محمود اشرفی

پاکستان دشمن قوتیں پاکستان میں انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں ، مگر سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے ‘ مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل

اتوار 19 نومبر 2017 18:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) پاکستان دشمن قوتیں پاکستان میں انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں ، بلوچستان میں بے گناہ پاکستانیوں کے قاتل دہشت گردوں کو ہندوستان اور افغانستان کے خفیہ اداروں کی مدد حاصل ہے ، پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے ، عقیدہ ختم نبوت ؐ کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے ، مذاکرات مسائل کا حل ہوتا ہے تشدد اور ضد سے مسائل جنم لیتے ہیں ، ماہ ربیع الاول ماہ خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے طور پر منایا جائے گا ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان علماء کونسل پنجاب اور اسلام آباد کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا حاجی محمد طیب قادری ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہرعقیل اعوان، مولانا احسان احمد حسینی ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا انوار الحق مجاہد، مولانا عمر عثمانی ، مولانا الیاس مسلم ، مولانا ممتاز ربانی، مولانا تنویر ، مولانا زبیر زاہد ، مولانا حفیظ الرحمن نے بھی خطاب کیا۔

رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو ناکام بنانے کیلئے قومی وحدت کی ضرورت ہے ، قوم کو تقسیم کرنے کی سازشیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پوری امت کا مسئلہ ہے ، حکومت کو چاہیے کہ وہ ان مجرموں کو بے نقاب کرے جنہوں نے پوری قوم کو اضطراب میں مبتلا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا قیادت اور حکومت کو مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنا چاہیے ، اور کسی بھی قسم کے تشدد اور ضد سے گریز کرنا چاہیے ۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ماہ ربیع الاول ماہ خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے طور پر منایا جائے گا اور اس سلسلہ میں 23 نومبر کو لاہور ، 27نومبر کو اسلام آباد ، 30 نومبر کو فیصل آباد ، 8 دسمبر کو رحیم یار خان ، 9 دسمبر کو ملتان ، 12 دسمبر کو سیالکوٹ میں سیرت خاتم الانبیاء ؐ کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم تربت میں شہید کیے جانے والے پاکستانیوں کے لواحقین کے غم میں شریک ہے اور پاکستان کے سلامتی کے اداروں پر فخر کرتی ہے کہ جنہوں نے مجرمین کے خلاف بھرپور کاروائی کر کے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا ہے ۔