احتساب کے ساتھ مصنوعی بیماریاں بھی شروع ہوگئیں‘ نعیم الحق

اتوار 19 نومبر 2017 18:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ (ن)لیگ نے عوامی مینڈیٹ کا مذاق اڑایا اور ذاتی مفاد کیلئے جمہوریت کا لبادہ اوڑھا، آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے، چور پکڑے گئے اب سہولت کاروں کی باری ہے، مصنوعی بیماریاں قوم کو دھوکا دینے کاکھیل ہے، احتساب شروع ہوا تو شریف خاندان اوران کے سہولت کار بیمار پڑنا شروع ہوگئے۔

(جاری ہے)

نعیم الحق نے پی پی 154کی یونین کونسل 232اور234میں تحریک انصاف کی ممبر شپ کے کیمپوں کا افتتاح کیا، جہاں دن بھر گہما گہمی اور ہزاروں افراد نے شوق اورجذبے کیساتھ تحریک انصاف کی ممبرشپ حاصل کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ ایوان میں پہنچ کراس کا تقدس بحال کرائیں گے، موجودہ لوگوں کی اکثریت شریف برادران کی چوری چکاری جاننے کے باوجود ان کے سامنے خاموش ہے کیونکہ (ن)لیگ ڈکٹیٹرشپ کے پیٹرن پر چلتی ہے، انہوںنے کہا کہ عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کے کلیجے پھٹ رہے ہیں کیونکہ اب لوٹ مارکا پیسہ اب زیادہ دیر ان کے پاس نہیں رہے گا۔ ممبرسازی کے کیمپوں سے ڈاکٹر شاہدصدیق نے بھی خطاب کیا۔