جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر صوبائی سطح پر سیکیورٹی کے غیرمعمولی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، آئی جی سندھ

اتوار 19 نومبر 2017 18:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2017ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ ہے کہ جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر صوبائی سطح پر سیکیورٹی کے غیرمعمولی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور اس ضمن میں درپیش چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے رینج,ڈسٹرکٹس اور زونز کی سطح پر باہم مشاورت اور پاکستان رینجرز سندھ سمیت قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں وانٹیلی جینس ایجنسیوں سے مربوط روابط پر مشتمل بارہ ربیع الاول کنٹی جینسی پلان جلد مرتب کیا جائے تاکہ صوبے میں سیکیورٹی صورتحال کو مذید مستحکم بناتے ہوئے عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ کنٹی جینسی پلان کے تحت ضلعوں کی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے بین المسالک ہم آہنگی فروغ کے فروغ کے اقدامات سمیت دل آزار وال چاکنگ, مذہبی, مسلکی منافرت,اشتعال انگیز پمفلٹس,بینرز, ہینڈ آؤٹس یا دیگر مواد کی تقسیم,اشتعال انگیز تقاریر کی روک تھام کے علاوہ لاؤڈ اسپیکرز ایکٹ پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 12ربیع الاول کے مرکزی جلوس کے روٹس, مرکزی اجتماع گاہ پر سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کے تحت بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سوئپنگ, کلیئرنس,واچ ٹاورز کے قیام, منتخب کردہ بلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز کی تعیناتیوں, ہر قسم کی پارکنگ کو مناسب فاصلوں پر رکھنے , پارکنگ لاٹس پر نگرانی رکھنے , انر آؤٹر کارڈن, ہیڈ اینڈ ٹیل پر پولیس کمانڈوز کو فرائض تفویض کرنے , ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن وشیئرنگ کو مزید تقویت دینے , رینڈم اسنیپ چیکنگ, پیٹرولنگ,پکٹنگ وغیرہ کے امور کو ہر سطح پر انتہائی ٹھوس اور غیر معمولی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام مساجد, امام بارگاہوں,مدارس, مزارات,درگاہوں وغیرہ پر سیکیورٹی مذید سخت کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر ایسے کھلے مقامات کہ جن پر اس خصوصی دن کی مناسبت سے نعتیہ محافل, وعظ, درس,بیان وغیرہ کا اہتمام کیا جارہا ہو تھانہ جات کے لحاظ سے جملہ سیکیورٹی اقدامات کو فول پروف بنایا جائے ۔آئی جی سندھ نے ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو پریشانی سے بچانے کے لیئے 12ربیع الاول کی مناسبت سے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیکر اسے نافذالعمل بنایا جائے اور اس حوالے سے تمام تر متبادل روٹس سے شہریوں کو آگاہ رکھنے اور ٹریفک پولیس کی ڈپلائمنٹ کے لئے بھی تمام ضروری امور کو یقینی بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :