مسلم لیگ (ن) نے ملک کی خوشحالی کیلئے قربانیاں دی ہیں، ان کی اصل طاقت عوام ہیں، اب خلق خدا فیصلہ کرے گی،ایبٹ آباد کے عوام کے پاس نظرثانی کی اپیل لیکر آیا ہوں، ووٹ کی طاقت کو بحال کرکے عوام کو انصاف اور روزگار دلائیں گے،90 دنوں میں صوبہ میں کرپشن کا خاتمہ اور بجلی کی پیدوار میں اضافہ کرنے کے دعویداروں نے صوبہ میں کیا تبدیلی لائی ہے

مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا کالج گرائونڈ ایبٹ آباد میں عوامی جلسہ سے خطاب

اتوار 19 نومبر 2017 18:00

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ طاقت کے ذریعہ قبضہ کرنے والوں کا کھیل ختم ہو چکا ہے، اب خلق خدا فیصلہ کرے گی ، ایبٹ آباد کے عوام کے پاس نظرثانی کی اپیل لیکر آیا ہوں، فیصلہ عوام نے کرنا ہے، پاکستان کی منزل جمہوریت ہے، ووٹ کی طاقت کو بحال کرکے عوام کو انصاف اور روزگار دلائیں گے، ملک میں جب بھی ترقی ہوئی جمہوری دور میں ہوئی، اب جمہوریت کو مضبوط کرنے کا وقت آ گیا ہے، 90 دنوں میں صوبہ میں کرپشن کا خاتمہ اور بجلی کی پیدوار میں اضافہ کرنے کے دعویداروں نے صوبہ میں کیا تبدیلی لائی ہے، دھرنے والو دیکھ لو تبدیلی کیسی ہوتی ہے ۔

وہ اتوار کو یہاں کالج گرائونڈ ایبٹ آباد میں عوامی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

جلسہ سے پختونخوا ملی عوام پارٹی کے مرکزی صدر محمود خان اچکزئی اور مشیر ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینٴر امیر مقام، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی و جنرل سیکرٹری خیبر پختونخواہ مرتضیٰ جاوید عباسی، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وفاقی وزراء سردار محمد یوسف، جنرل صلاح الدین ترمذی، ارکان قومی اسمبلی بابر نواز خان، ماروی میمن، سینیٹر پرویز رشید، ڈاکٹر آصف کرمانی، بیرسٹر جاوید عباسی، ارکان صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ، صالح محمد خان، سردار محمد فرید، راجہ فیصل زمان، میاں ضیاء الرحمن، عبدالستار خان، آمنہ سردار، رقیہ حنا، ثوبیہ خان اور سابق صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا پیر صابر شاہ، علی افضل خان جدون اور دیگر مقامی قائدین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

محمد نواز شریف نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی فیصلہ انہیں عوام سے دور نہیں کر سکتا، مسلم لیگ (ن) نے جب 2013ء میں اقتدار سنبھالا تو اس وقت ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا، بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا گیا تھا، سی این جی سٹیشنوں پر گاڑی کی لمبی قطاریں تھیں، ان کی حکومت نے ملک سے دہشت گردی ختم کر دی ہے، بجلی کے مسئلہ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ حسن ابدال سے حویلیاں تک موٹروے منصوبہ آئندہ چند ہفتوں میں مکمل ہو جائے گا، مسلم لیگ (ن) نے ملک کی خوشحالی کیلئے قربانیاں دی ہیں مگر ان قربانیوں کے صلہ میں انہیں نااہل قرار دیا گیا ہے، جو لوگ مانئس نواز چاہتے ہیں انہیں پتہ نہیں کہ نواز شریف ایک نظریہ کا نام ہے اور یہ نظریہ پاکستان میں انقلابی تبدیلی لیکر آئے گا، ایک طرف ترقی اور دوسری جانب دھرنے دیے جا رہے ہیں، اب انصاف عوام نے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کے نام پر انہیں اور ان کے خاندان کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا گیا ہے، جے آئی ٹی بنی جس کے سامنے ان کا پورا خاندان پیش ہوا، جے آئی ٹی کی کہانی بھی عوام کے سامنے ہیں، نواز شریف کے خلاف ایک پائی کی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہو سکا، صرف تنخواہ نہ لینے پر نااہل قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اصل طاقت عوام ہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایبٹ آباد کے عوام کے پاس نظرثانی کی اپیل لیکر آئے ہیں، 70 سال سے پاکستان میں نہ کسی سے سوال کیا گیا اور نہ ہی کسی کو کٹہرے میں لایا گیا، ہر چیز کا حساب لیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج ایبٹ آباد کے عوام نے نواز شریف کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، نواز شریف نے ایبٹ آباد کے عوام سے کبھی خیانت نہیں کی، نواز شریف جیل اور سزاؤں سے نہیں ڈرتا ہے، عوام کے حقوق کیلئے سڑکوں پر بھی آنا پڑا تو نواز شریف عوام کے ساتھ مارچ میں شریک ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران پر کسی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، ایبٹ آباد کے عوام 2018ء میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنا کر ثابت کر دیں گے کہ عوام آج بھی نواز شریف کے ساتھ ہیں، نواز شریف کبھی جھوٹے وعدے نہیں کرتا جو وعدہ بھی کرتا ہے اسے پورا کرتا ہے۔