تجاوزات کے خاتمے کے لئے سنجیدہ مہم شروع کی جائے،کینٹ کے شہریوں کی اعلیٰ حکام سے اپیل

اتوار 19 نومبر 2017 17:51

راولپنڈی19نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2017ء) کینٹ کے شہریوں نے کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے شعبہ انفورسمنٹ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کیا جانے والے آپریشن کو نام نہاد قرار دے دیا اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے سنجیدہ مہم شروع کی جائے۔ ٹینچ بھاٹہ کے رہائشی راجہ جنیدنے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تجاوزات کی بھرمار سے ٹریفک جام رہنامعمول بن گیا ہے جبکہ مصریال روڈ کے رہائشی عمران طالب نے شعبہ انفورسمنٹ کے انچارج اور عملے پر الزام عائد کیا ہے کہ کینٹ کی حدود میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سے قبل عملے کی جانب سے پیشگی اطلاع دے دی جاتی ہے کہ انفورسمنٹ کی ٹیم آپریشن کرنے آرہی ہے جس کی وجہ سے تجاوزات مافیا کے خلاف کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے ۔

(جاری ہے)

چوہڑ چوک کے تاجر عادل خان نے بتایا ہے کہ انفورسمنٹ ٹیم آنے سے قبل ہی ازخود ریڑھیاں،کاونٹرز اور ٹیبل اٹھا لیتے ہیں اور انفورسمنٹ عملے کے جانے پر سڑکوں ،فٹ پاتھوں اور بر آمدوں پر قبضہ کر لیا جاتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انفورسمنٹ عملہ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کیا جاتا ہے مگر راولپنڈی کینٹ کی حدود میں تجاوزات کا ختم نہ ہونا انفورسمنٹ عملہ کی پیشہ وارانہ غفلت اور بدنیتی ہے ۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ کینٹ کی حدود میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے انفورسمنٹ کے عملہ میں تبدیلی لائے جائے اور تجا وزات کا خاتمہ یقینی بنا یا جائے۔