اے این ایف اوراے ایس ایف کی مشترکہ کارروائی، 5سمگلرز گرفتار،کروڑوں رو پے مالیت کی منشیات بر آمد

اتوار 19 نومبر 2017 17:51

راولپنڈی19نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2017ء) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )اور ائرپورٹ سیکورٹی فورس( اے ایس ایف) نے بینظیرایئرپورٹ پر منشیات سمگلنگ کرنے والے افراد کے خلاف مشترکہ کاروائی کے دوران 5ملزمان گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اورچرس بر آمد کر لی ہے۔ اے این ایف حکام نے بتایا ہے کہ تین روز کی مختلف کارروائیوں میںراولپنڈی کے بینظیرانٹرنیشنل ائرپورٹ پر اے ایس ایف نے کامیاب کارروائی کے دوران پانچ کلو گرام سے زائد کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کرکے ملزم گرفتار کر لیا۔

ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے مطابق بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہیروئن بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ ٹورنٹو جانے والے مسافر عاصم احمد کے بیگ میں موجود مختلف طرح کے سامان میں چھپائی گئی پانچ کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد کر کے ملزم گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم افغاں باشندہ ہے اور قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے سیون ایٹ ون سے ٹورنٹو جانا چاہتا تھا۔

اے ایس ایف کے مطابق قبضہ میں لی گئی ہیروئن کی عالمی مارکیٹ میں مالیت کروڑوں روپے ہے۔ ملزم کو مزید تفتیش کیلئے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا۔اے این ایف حکام کے مطابق دو روز قبل بھی بینظیر ایئرپورٹ سے سعودی عرب جانے والے مسافر راج محمد کو گرفتار کیاتھا۔ ملزم کے بیگ سے سات سو گرام ہیروئن برآمد کرکے اے این ایف تھانے منتقل کر دیا گیا۔

دوسری کاروائی اے این ایف راولپنڈی کی جانب سے ایف ٹین اسلام آباد میں کی گئی جس میں نائیجیرین منشیات سمگلر کو ساتھی کارندے سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ نائیجیرین اسمگلر اوٹی سے اڑھائی کلو گرام چرس جبکہ کارندے کے قبضے سے دو سو بیس گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی ہے۔اے این ایف کے مطابق نائیجیرین باشندہ کارندوں کے ذریعے منشیات کورئیر کمپنی میں پارسل بک کروا کر بیرون ملک سمگل کرتا ہے۔

تینوں گرفتار ملزمان کے خلاف اے این ایف تھانہ میں مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔اے این ذرائع کے مطابق گذشتہ ہفتے ملزم ذاکر کو حراست میں لیکر بینظیر بھٹو اسپتال منتقل کر کے کا طبعی معائنہ کیا گیا جس دوران ملزم سے ہیروئن بھری60کیپسول بر آمد ہوئے تھے، ملزم کا تعلق نوشہرہ سے ہے اور نجی ایئرلائن کی پرواز پر ابو ظہبی جا رہا تھا۔ طبعی معائنہ کے بعد ملزم مزید تفتیش کیلئے کو اے این ایف تھانہ منتقل کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :