صوبائی سیکرٹری سپورٹس محمد عامر جان کا شہبازشریف سپورٹس کمپلیکس قصور کا دورہ ‘تمام گرائونڈ ز اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا

نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کھیلوں کے میدان اور اسٹیڈیمز بنائے جا رہے ہیں ‘صوبائی سیکرٹری سپورٹس

اتوار 19 نومبر 2017 17:30

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء)سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کا شہبازشریف سپورٹس کمپلیکس قصور کا دورہ ‘کھیلوں کے تمام گرائونڈ ز ‘بلڈنگزاور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا ۔ تفصیل کے مطابق صوبائی سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے ہمراہ کھیم کرن روڈ قصور پر نوتعمیر شدہ شہبازشریف سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اور آسٹرو ٹرف گرائونڈ‘کرکٹ گرائونڈ ‘ ہاکی ‘کبڈی گرائونڈ ز میں تمام سہولیات کا تفصیلاً جائزہ لیا ۔

اس موقع پر انکے ہمراہ ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید اقبال ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی ‘ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رائوف باجوہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس محمد عامر جان نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کے بہترین مواقعے فراہم کرنے کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔

نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کیلئے تمام بڑے شہروںمیں سپورٹس سٹیڈیمز اور کھیلوں کے میدانوں کے جال بچھائے جارہے ہیں تا کہ علاقائی ٹیلنٹ کو اپنے اظہار کے خاطر خواہ مواقعے میسر آئیں ۔قصور میں نوتعمیر شدہ سپورٹس کمپلیکس یہاں کے عوام کیلئے بہترین تحفہ ہے جس سے نہ صرف قصور بلکہ گردونواح کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع میسر آئے گا۔ اس جدید ترین سپورٹس کمپلیکس میں ہاکی ‘فٹبال ‘کرکٹ اور کبڈی کے اسٹیڈیم تعمیر کئے گئے ہیں جہاں مختلف کھیلوں کی جدید ترین سہولیات میسر آئینگی ۔