اراکین قومی اسمبلی رانا محمد حیات خاں اور ملک رشید احمد خاں کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

اجلاس کو پولیس ‘سکول ایجو کیشن ‘زراعت ‘لائیو سٹاک ‘ہائرایجو کیشن ‘ہائی وے ‘ہیلتھ اور دیگر محکموں کی کارکردگی بارے بریفنگ دی گئی

اتوار 19 نومبر 2017 17:30

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) اراکین قومی اسمبلی رانا محمد حیات خاں اور ملک رشید احمد خاں کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی وسیم اختر شیخ ‘اراکین صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں ، حاجی نعیم صفدر انصاری ‘محمد انیس قریشی ‘یعقوب ندیم سیٹھی ‘چوہدری محمود انور ‘چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ‘وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں ‘ڈپٹی کمشنر قصور سائر ہ عمر ‘ڈی پی او ذوالفقار احمد ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و سیکرٹری ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی سید نوید اقبال اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس کو پولیس ‘محکمہ سکول ایجو کیشن ‘زراعت ‘لائیو سٹاک ‘ہائرایجو کیشن ‘ہائی وے ‘ہیلتھ اور دیگر محکموں کے افسران کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

ڈی پی او قصور نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ رواں سال کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد بہترین حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ضلع قصور سے جرائم کا مکمل خاتمہ کر دیا جائیگا۔

جس پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلا تفریق سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی ۔اجلاس کو ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز نے بتایا کہ ضلع بھر کے کالجز میں عارضی اساتذہ کی تقرری کا عمل میرٹ کی بنیاد پر مکمل ہو چکا ہے اور ریگولر اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے بھی حکام بالا کو درخواست کی گئی ہے ۔چیف ایگزیکٹو ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ ضلع بھر میں عوام الناس کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کام جلد مکمل کر لئے جائینگے ۔ انہوں نے ڈاکٹروں کی جانب سے مریضوں کے علاج سے انکار اور پرائیویٹ پریکٹس کے حوالے سے بتایا کہ ایسے ڈاکٹروں کے خلاف بلا تفریق کاروائی کی جائیگی ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے محکمے کی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور تحصیل کی سطح پر ممبران اسمبلی کیساتھ میٹنگز کریں ۔اجلاس میں ضلع بھر میں جاری تمام ترقیاتی سکیموں کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ زیر تعمیر ترقیاتی سکیموں میں بہترین میٹریل کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ترقیاتی سکیموں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے ۔