شہر کے اتوار بازاروں میں غیر معیاری اور ناقص اشیاء کی مہنگے داموں فروخت قابل مذمت ہے ‘ ذکر اللہ مجاہد

ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی غفلت سے اتوار بازاروں میں شہری دکانداروں کے ہاتھوں لوٹنے پر مجبورہیں

اتوار 19 نومبر 2017 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ شہر کے اتوار بازاروں میں خوردونوش کی غیر معیاری اور ناقص اشیاء کی مہنگے داموں فروخت قابل مذمت ہے ، ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی غفلت سے اتوار بازاروں میں شہر دکانداروں کے ہاتھوں لوٹنے پر مجبور ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے شہر میں ماڈل بازاروں کی حالت زار پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی عدم توجہ اورضلعی انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کے باعث شہر کے مختلف حصوں میں قائم ماڈل بازار جن میں ٹائون شپ ، سبزازار ، شاد مان ، ہزبنس پور ہ ، ، ٹھوکر نیاز بیگ ودیگر علاقوں میں شہری سستی سبزیاں و پھلوں کی خریداری کی بجائے طاقتوار بیورو کریسی کی مہربانیوں سے لگنے والے ماڈل بازاروں کے دوکانداروں کے ہاتھوں لٹنے لگے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ بدقسمتی سے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں کاغذی کارروائیوں میں سب اچھے کی رپورٹ پیش کرتی ہیں مگر در حقیقت ماڈل بازاروں میں دکاندار شہریوں سے اپنی من مرضی کے داموں اشیاء خوردونوش کی اشیاء کی فروخت کر رہے ہیں اور شہریوں کو لوٹنے میں مصروف عمل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی نااہلی اور حکمرانوں کی کرپشن نے ملک میں مہنگائی کا طوفان پربا کیا ہواہے ۔

آئے روز نئے حیلے بہانوں سے ٹیکسیوں کے ذریعے عوام کو لوٹا جا رہا ہے ۔ حکومتی ناقص پالیسیوں کے سبب سبزیاں و پھل غریب کی پہنچ سے دور ہو گئے ہیں۔ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی آڑھتیوں نے سبزیوں کے ریٹ بھی آسمان پر پہنچا دیئے ہیں ۔ امیر لاہور نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر میں تمام اتوار بازاروں میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنانے کیلئے حقیقی معنوں میں اقدامات کیے جائیں تاکہ غریبوں کو روز مرہ کی اشیاء کی خرید وفروخت میں ریلیف میسر ہو سکے اور وہ اپنا اور اپنے بچوں کا دووقت کی روٹی سے پیٹ پال سکیں ۔