ْجنرل ہسپتال میں مریضوں کی سہولت کیلئے آرتھوپیڈک یونٹ 2 بھی فنکشنل ہو گیا‘پروفیسر غیاث النبی طیب

35 بستروں پر مشتمل نئے وارڈ میں جوڑوں کی تبدیلی اور مہروں کی سرجری جیسی سہولیات دستیاب ہیں آرتھو پیڈک شعبے میں مریضوں کیلئے روزانہ آپریشن اورآؤٹ ڈورہو گا ‘پرنسپل پی جی ایم آئی

اتوار 19 نومبر 2017 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) پرنسپل پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ترجیحات کا ثمرلاہور جنرل ہسپتال ہڈی وارڈ کے دوسرے یونٹ کے فنکشنل ہونے کی صورت میں سامنے آ گیا ہے اور اب اس ہسپتال میں نئے جوڑوں کی تبدیلی (آرتھوپلاسٹی) اور مہروںکے جدید طریقہ علاج سے سرجری کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر آؤٹ ڈور کی سہولت بھی دستیاب ہو گی-انہوںنے کہا کہ 35بستروں پر مشتمل آرتھو یونٹ 2 کا فنکشنل ہونا ایک اہم سنگ میل ہے جو حکومت پنجاب کی صحت کے شعبہ میں ترجیحات کا عکاس ہے - نئے شعبہ کے سربراہ کی ذمہ داریاں پروفیسر ڈاکٹر میاں محمد حنیف کو سونپی گئی ہیں جبکہ ڈاکٹر مدثر صدیق اسسٹنٹ پروفیسر بھی اس یونٹ میں خدمات سرانجام دیں گے - پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ موجودہ دور میں آرتھو کا شعبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے - اکثر لوگوں کی بڑھاپے میں ہڈیاں کمزورہو جاتی ہیںجن کے علاج کے لئے آرتھو پیڈک معالج کی اشد ضرورت پڑتی ہے - لہذا ہماری کوشش ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید محنت سے نہ صرف ادارے کو ملک کی بہترین علاج گاہوں کی فہرست میںسب سے اوپر لے جائیں بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے نئے اہداف کا تعین بھی کریں- اس ضمن میں ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرامیڈکس کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں اور ہم انشاء اللہ ٹیم ورک سے اپنے اہداف ضرور حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی-پرنسپل ایل جی ایچ پروفیسر غیاث النبی طیب نے مزید کہا کہ آرتھوپیڈک یونٹ 2 کے فنکشنل ہونے کا ایک بڑا فائدہ یہ بھی ہو گا کہ روزانہ کی بنیاد پر آپریشن ڈے کے تحت مریضوں کو جلد صحت یاب بنانے میں معاونت ملے گی - مریضوں اور ان کو لواحقین کو انتظار کی کوفت سے دوچار نہیں ہونا پڑے گااور علاج معالجے کے حوالے سے عام آدمی کو زیادہ بہتر سہولت حاصل ہو سکے گی ۔