کالج ڈونیشن کے نام پر لاکھوں روپے وصول کرنیوالے پرائیویٹ میڈیکل ،ڈینٹل کالجوں کیخلاف کاررائی کی جائے ‘ ینگ ڈاکٹرز

اتوار 19 نومبر 2017 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی نشستیں میرٹ سے ہٹ کر لاکھوں روپے میں فروخت کرنے والے پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے خلاف نیب اور ایف آئی اے کو کاروائی کا حکم دے۔

(جاری ہے)

وائے ڈی اے پاکستان کے سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بعض پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالج ڈونیشن کے نام پر والدین سے 25 سے 28 لاکھ روپے وصول کر رہے ہیں۔

سیٹوں کی اس خرید و فروخت سے میڈیکل ایجوکیشن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہاہے۔وائے ڈی اے پاکستان نے والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے جال میں نہ آئیں اور حکومت پنجاب کی جانب سے سینٹرالائزڈ پالیسی کے تحت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور میں درخواستیں جمع کرائیں تاکہ پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں بھی میرٹ پر داخلے ہوں۔