ایل او سی پر بھارت کی طرف سے بڑھتی ہوئی اشتعال انگیزی خطے کے امن کیلئے انتہائی خطرناک ہے،چوہدری محمد برجیس طاہر

خطے کے امن اور ترقی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں بد ترین انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سد باب کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینا ہو گا ،بیان

اتوار 19 نومبر 2017 17:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایل او سی پر بھارت کی طرف سے بڑھتی ہوئی اشتعال انگیزی خطے کے امن کے لئے انتہائی خطرناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں آئے روز کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے اور دوسری طرف ایل او سی پر بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر کی سول آبادی کو نشانہ بنانا خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کی ماورائے عدالت قتل ایک معمول کی کارروائی بن چکی ہے اور بھارتی فوج روزانہ کی بنیاد پر معصوم کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد اور جعلی مقابلوں میں شہید کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے کشمیریوں کی آزادی کو دبانے کے لئے کشمیری لیڈر شپ کو قید اور نظر بند کر رکھا ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں درجنوں کالے قوانین کا نفاذ ہے اور کسی غیر جانبدار انسانی حقوق کے ادارے کو مقبوضہ وادی میں داخلے کی اجازت نہیں ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کا اندازہ امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ خودبھارت کے ایک انسانی حقوق کے کمیشن نے مقبوضہ وادی میں ہزاروں اجتماعی قبروں کی موجودگی کا اعتراف کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی کسی کشمیری نوجوان کوشہید کیا جاتا تو ہزاروں لاکھوں کی تعداد میں کشمیری عوام اُس نوجوان کے جنازے میں شرکت کر کے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف اپنے غم و غصے کا بھی اظہار کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جانب سے شہداء کی پاکستانی پرچم مین تدفین ان کی پاکستان سے وابستگی اور اُس رشتے کا اظہار ہے جس کا اظہار قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردے کر کیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تیسری نسل کی غیر متزلزل آزادی کی جدوجہد اور خود بھارت کے چند سابق فوجی و سول احکام کے تجزیات سے بھارت کی آنکھیں کھل جانی چاہیے اور اس کو علم ہو جانا چاہیے کہ بھارت کسی بھی صورت میں مقبوضہ کشمیر پر اپنا تسلط زیادہ دیر تک قائم نہیں رکھ سکتا اور یہ کہ اُس کو اس مسئلے کے حل کیلئے کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حق خود ارادیت دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی اور ہندو انتہا پسند نظریات میں شدت نہ صرف خطے کے امن بلکہ خود بھارت کے لیے بھی خطرہ ہے ۔انہوںنے کہا کہ بھارت کو جان لینا چاہیے کہ ہمسایوں سے اچھے تعلقات قائم کیے بغیر بھارت کا Incredible India بننے کاخواب پورا نہیں ہو سکتا اور اس کے لئے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں بد ترین انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سد باب کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینا ہو گا ۔

انہوں نے ایل او سی پر بھارتی جارحیت اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے پربھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی سے خطے کو امن و امان کے حوالے سے شدید خطرات سے لا حق ہو رہے ہیں اور کوئی چنگاری کسی بڑے تصادم کا سبب بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو ایل او سی اور وورکنگ بائونڈری پر اشتعال انگیزی کو فوری؂ بند کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ ہماری فوج بھارتی اشتعال انگیزی کا بھر پور جواب دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ خطے کے امن اور ترقی کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے اور بین الاقوامی برادری کو اپنے ذاتی سیاسی و معاشی مفادات سے بالاتر ہو کر اس مسلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔