جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر صوبائی سطح پر سیکیورٹی کے غیرمعمولی اقدامات کو یقینی بنایا جائے ، آئی جی سندھ

صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور اس ضمن میں درپیش چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے رینجرز سمیت قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں وانٹیلی جینس ایجنسیوں سے مربوط روابط پر مشتمل بارہ ربیع الاول کنٹی جینسی پلان جلد مرتب کیا جائے ، اے ڈی خواجہ

اتوار 19 نومبر 2017 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے دفتر سے جاری ہدایات میں کہا ہے کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور اس ضمن میں درپیش چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے رینج,ڈسٹرکٹس اور زونز کی سطح پر باہم مشاورت اور پاکستان رینجرز سندھ سمیت قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں وانٹیلی جینس ایجنسیوں سے مربوط روابط پر مشتمل بارہ ربیع الاول کنٹی جینسی پلان جلد مرتب کیا جائے تاکہ صوبے میں سیکیورٹی صورتحال کو مذید مستحکم بناتے ہوئے عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ کنٹی جینسی پلان کے تحت ضلعوں کی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے بین المسالک ہم آہنگی فروغ کے فروغ کے اقدامات سمیت دل آزار وال چاکنگ, مذہبی, مسلکی منافرت,اشتعال انگیز پمفلٹس,بینرز, ہینڈ آؤٹس یا دیگر مواد کی تقسیم,اشتعال انگیز تقاریر کی روک تھام کے علاوہ لاؤڈ اسپیکرز ایکٹ پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 12ربیع الاول کے مرکزی جلوس کے روٹس, مرکزی اجتماع گاہ پر سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کے تحت بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سوئپنگ, کلیئرنس,واچ ٹاورز کے قیام, منتخب کردہ بلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز کی تعیناتیوں, ہر قسم کی پارکنگ کو مناسب فاصلوں پر رکھنے , پارکنگ لاٹس پر نگرانی رکھنے , انر آؤٹر کارڈن, ہیڈ اینڈ ٹیل پر پولیس کمانڈوز کو فرائض تفویض کرنے , ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن وشیئرنگ کو مزید تقویت دینے , رینڈم اسنیپ چیکنگ, پیٹرولنگ,پکٹنگ وغیرہ کے امور کو ہر سطح پر انتہائی ٹھوس اور غیر معمولی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام مساجد, امام بارگاہوں,مدارس, مزارات,درگاہوں وغیرہ پر سیکیورٹی مذید سخت کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر ایسے کھلے مقامات کہ جن پر اس خصوصی دن کی مناسبت سے نعتیہ محافل, وعظ, درس,بیان وغیرہ کا اہتمام کیا جارہا ہو تھانہ جات کے لحاظ سے جملہ سیکیورٹی اقدامات کو فول پروف بنایا جائے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ 12ربیع الاول حفاظتی منصوبے کے تحت مختلف علاقوں کو انتہائی حساس, حساس اور نارمل درجہ بندیوں میں تقسیم کیا جائے جبکہ مرکزی جلوسوں کی گذرگاہوں کو باقاعدہ فاصلوں کو پیش نظر رکھ کر سیکٹرز اور سب سیکٹرز میں تقسیم کیا جائے تاکہ بائی نیم سپروائزری ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے سیکیورٹی کے مجموعی امور کو ٹھوس اور مربوط بنایا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ 12ربیع الاول سیکیورٹی پلان کے تحت پولیس ریزرو پلاٹونز, اینٹی رائٹس پلاٹونز کو بھی تیار اور الرٹ حالت میں رکھا جائے جبکہ ضلعوں کی سطح پر تمام پولیس کنٹرول رومز اور مرکزی کنٹرول روم کے مابین مضبوط روابط کے ساتھ ساتھ اطلاعات/ احکامات/ہدایات کی بروقت شیئرنگ اور تعمیلی رپورٹس کا بھی وائرلیس اسٹاف کو پابند بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی کمانڈ اینڈکنٹرول سینٹرسے مانیٹرنگ,نگرانی اور بعدازاں ضروری ہدایات پر عمل درآمد جیسے اقدامات کو 12ربیع الاول سیکیورٹی اقدامات کا حصہ بنایا جائے ۔آئی جی سندھ نے ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو پریشانی سے بچانے کے لیئے 12ربیع الاول کی مناسبت سے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیکر اسے نافذالعمل بنایا جائے اور اس حوالے سے تمام تر متبادل روٹس سے شہریوں کو آگاہ رکھنے اور ٹریفک پولیس کی ڈپلائمنٹ کے لئے بھی تمام ضروری امور کو یقینی بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :