پی ٹی آئی آئندہ کے پی کے میں حکومت نہیں بنا سکے گی،ناصر حسین

ن لیگ کو اس کی سوچ کی وجہ سے نقصان ہو رہا ہے ، اسحاق ڈار بیمار ہیں تو وزارت کسی اور کو دے دیں،وزیر اطلاعات سندھ

اتوار 19 نومبر 2017 16:40

پی ٹی آئی آئندہ کے پی کے میں حکومت نہیں بنا سکے گی،ناصر حسین
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 2018کے الیکشن میں خیبرپختونخوا میں بھی حکومت نہیں بنا سکے گی، عمران خان سندھ میں جلسے کریں ہم ان کو سیکورٹی فراہم کریں گے ، وہ جلعی خان ہیں اور ان کی باتیں بھی جعلی ہیں ، وہ خوابوں کی دنیا میں رہتے ہیں ان کی قیادت پر کوئی اور نہیں خود اپنے لوگ الزامات لگا رہے ہیں ۔

سکھر پریس کلب میں سینئر صحافی اور سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر جاوید میمن کی کتاب ’’تنہائی کا مسافر‘‘ کی تقریب رونمائی میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین علاج کے لیے بیرون ملک جا رہے ہیں ان کے کسی سے کوئی اختلافات نہیں ہیں ۔سید ناصر شاہ نے کہاکہ مسلم لیگ کو اس کی سوچ اور فیصلوں کے باعث نقصان ہو رہا ہے اگر نواز شریف عدالتی احکامات کے بعد کوئی سیاسی فیصلہ کرتے تو شاید آج ان کو یہ دن دیکھنا نہ پڑتا ۔

(جاری ہے)

ان کی اپنی پتہ نہیں کیا سوچ ہے کہ وہ خود کو خود نقصان پہنچانے پر تلے ہوئے ہیں ، ان کو عقل سے فیصلے کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار بیمار ہیں تو ان کو وزارت چھوڑ دینا چاہئے تھا اور حکومت کو بھی چاہئے کہ وزارت خزانہ کسی اور کو دے ۔وزیراطلاعات نے کہاکہ پی ایس پی اور ایم کیو ایم دو دن کے نکاح اور اس کے ٹوٹنے کے بعد سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں کیونکہ کراچی میں دھونس اور دھاندلی کی سیاست ختم ہو چکی ہے اور ان کو ابھی سے الیکشن کے نتائج دکھائی دے رہے ہیں اس لیے وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔

اگر کراچی کے عوام کو ان کی مرضی کے مطابق فیصلے کرنے کا حق مل جائے تو کراچی کے 2018 کے الیکشن کے نتائج پی ایس 114 کے نتائج سے مختلف نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ مردم شماری پر تحفظات اور خدشات موجود ہیں ،وزیر اعلیِ سندھ نے پہلے ہی روز خدشات کا اظہار کیا تھا اب اگر پانچ بلاکس کھول کر ان کے نتائج دیکھے جائیں اور اگر وہ مساوی ہوں تو ہمارے خدشات ختم ہوجائیں گے کیونکہ صرف کراچی ہی نہیں سندھ کے دیگر شہروں میں بھی مردم شماری کے نتائج پر ہمارے تحفظات ہیں ۔