ْمیئر علی گڑھ کے انتخاب، ٹی وی بحث کے دوران بی جے پی اور بی ایس پی امیدوار وں میں تکرار

اتوار 19 نومبر 2017 16:30

علی گڑھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2017ء) بھارتی شہر علی گڑھ میں میئر کے انتخاب کے سلسلے میں ٹی وی نیوز چینل کی بحث میں بی جے پی امیدوار ڈاکٹر راجیو اگروال ، بی ایس پی امیدوار محمدفرقان اور سماج وادی پارٹی کے ضلعی صدر اشوک یادیو نے حصہ لیا۔ لائیو کاسٹ شروع ہوتے ہی بی ایس پی اور بی جے پی حامیوں کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوگئی۔

بی ایس پی کا الزام تھا کہ 1995ء سے میئر بی جے پی کا رہا پھر بھی نکاسی آ ب کا کوئی مناسب انتظام نہیں کیا گیا ، گندگی کا ڈھیر جیسے مسائل جوں کے توں ہیں۔

(جاری ہے)

بی جے پی کارکنان کا الزام ہے کہ بی ایس پی حامی وزیراعظم و وزیر اعلیٰ پر نازیبا تبصرے کررہے تھے۔ اس دوران ہنگامہ برپا ہوگیا اورایک گھنٹے کا شو آدھے گھنٹے میں ختم ہوگیا۔شوسے باہر آتے ہی پارٹی حامیوں اور کارکنان میں مارپیٹ شروع ہوگئی۔

بی ایس پی امیدوار محمد فرقا ن کو کار سے کھینچ کر کپڑے پھارنے کی کوشش کی گئی۔مارپیٹ میں بی ایس پی لیڈر نوشاد زخمی ہوگئے۔ وہاں موجود سماج وادی پارٹی کے مہانگر صدر اسحاق نے جے این میڈیکل کالج پہنچایا۔زخمی نے بی جے پی حامیوں کے خلاف تحریردی ہے حالانکہ انسپکٹر گاندھی پارک رویندر کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ ابھی تک انہیں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔