سری لنکا آئندہ سال آزادی کی 70سالہ تقریبات کے موقع پر تین ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے بھارت ،بنگلا دیش کی میزبانی کریگا

آئندہ سال 8سے 20مارچ تک ’’نیداہاس ٹرافی ‘‘کے نام سے ہونیوالی ٹی ٹونٹی تین ملکی سیریز میں مجموعی طور پر سات میچز کھیلے جائینگے

اتوار 19 نومبر 2017 15:01

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) سری لنکا آئندہ سال اپنی آزادی کی 70سالہ تقریبات کے موقع پر تین ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے بھارت اور بنگلا دیش کی میزبانی کرے گا۔سری لنکن بورڈ کے اعلامیے کے مطابق آئندہ سال 8سے 20مارچ تک ’’نیداہاس ٹرافی ‘‘کے نام سے ہونے والی ٹی ٹونٹی تین ملکی سیریز میں مجموعی طور پر سات میچز کھیلے جائیں گے۔

سیریز کے تمام میچز کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں ہوں گے جس کے دوران ہر ٹیم ایک دوسرے کے ساتھ دو، دو میچ کھیلے گی جس کے بعد 20 مارچ کو فائنل کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راہول جوہری کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی 70سالہ تقریبات کا حصہ بننا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے، سری لنکا اور بنگلادیش سے زیادہ کوئی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کا قریبی دوست نہیں، اس لئے دعوت ملتے ہی ہم نے فوری حامی بھرلی ۔

سری لنکا کرکٹ کے صدر سماتھی پالا نے بھی ایسے ہی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 70 سال ایک طویل سفر ہے اور اسے شایان شان طریقے سے منانے کی ضرورت ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے قریبی ہمسایہ ممالک ان تقریبات میں ہمارے ساتھ ہیں، جو کرکٹ کی بہتری کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :