افغانستان نے پاکستان کو شکست دیکر انڈر۔19ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

افغانستان نے 50اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 248رنز بنائے ،پاکستان کی پوری ٹیم صرف63رنز بنا سکی حریف ٹیم کے اکرام فیضی 107رنز بناکر ناقابل شکست رہے ،پاکستان کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے

اتوار 19 نومبر 2017 15:01

کوالاالمپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) افغانستان نے پاکستان کو شکست دے کر انڈر۔19ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ،افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 248رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف63 رنز بنا سکی۔کوالالمپور میں ایشیا ء کپ کے فائنل میچ میں پاکستان کے کپتان حسن خان نے ٹاس جیت کر پہلے افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہو سکا۔

افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 248رنز بنائے جس میں وکٹ کیپر بلے باز اکرام فیضی کی برق رفتار سنچری بھی شامل تھی۔افغانستان کی جانب سے رحمان گل اور ابراہیم زردان نے اننگز شروع کی ۔رحمان گل 40رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے ۔

(جاری ہے)

مجموعی اسکور 91رنز پر پہنچا تو ابراہیم زردان بھی36رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔

اکرام فیضی اور درویش رسولی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 69رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن بہتربنادی، درویش 18رنز کی اننگز کھیل کر محمد موسی کا شکار بنے۔نثار وحدت 7اورطارق استانکزئی5رنز بناسکے۔دوسرے اینڈ پر وکٹ کیپر بیٹسمین اکرام فیضی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 113گیندوں پر دو چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 107رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ آخری اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے قیس احمد اور نوید عبیدکو آئوٹ کیا، انہوں نے بالترتیب 14اور 2 رنز بنائے۔

پاکستانی ٹیم افغانستان کی جانب سے دئیے جانے والے ہدف کے تعاقب میں آغاز میں ہی ہمت ہار گئی اور پوری ٹیم صرف 63رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی۔پاکستان کی جانب سے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔محمد طحہ 19اور حسن خان 10رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔افغانستان کے مجیب نے 5، قیص احمد نے 3 اور وفادار نے ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :