چینی جوڑے نے روایتی پاکستانی اندازمیں شادی رچا کر بٹگرام کے عوام کو حیرت زدہ کر دیا

دلہا روایتی بارات کے جلوس کی شکل میں دلہن کے گھر گیا دلہا اور دلہن نے شادی کی مناسبت سے روایتی لباس زیب تن کئے سوشل میڈیا پر شادی کی تصاویر وائرل ہونے پر ہزاروں کی تعداد میں جوڑے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا پاکستان میں قائمقام چینی سفیرنے سوشل میڈیا پر شادی کی تصاویر شیئر کیں جنہیں بڑے پیمانے پر دوبارہ شیئرکیا گیا دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے کیلئے پاکستانی ثقافت کے مطابق شاد ی کی تقریب کا اہتمام کیا ہے، جوڑے کا اظہار خیال

اتوار 19 نومبر 2017 14:30

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2017ء) ایک چینی جوڑے نے باقاعدہ بارات کی تقریب کے ساتھ روایتی پاکستانی انداز میں شادی رچا کر مقامی عوام کو حیران کر دیا ہے،سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالی رسم نکاح کی تصاویر میں ایک چینی جوڑے اور ان کے باراتیوں کو شادی کیلئے پاکستانی لباس میں ملبوس دکھایا گیا ہے اس کے جوا ب میں سوشل میڈیا پر ہزاروں کی تعداد میں نوبیاہتا چینی جوڑے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے،نوبیاہتا چینی جوڑے نے رواں ہفتے کے اوائل میں صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کے کوزا بانڈا علاقے میں روایتی پاکستانی تقریب میں اپنی شادی کی رسم منائی،اس چینی جوڑے سیم اورلین نے چینی رسومات کے مطابق اپنی شادی کی رسم ادا کرنے کیلئے قبل ازیں چین کا دورہ کیا ، وہ کوزا بانڈا کے علاقے میں جہاں وہ ایک پراجیکٹ پر کام کررہے ہیں ، اپنے پاکستانی دوستوں کو رسمی دعوت ولیمہ دینے کیلئے پیر کو واپس آئے ،دلہن لین نے روایتی سرخ عروسی جوڑا میں ملبوس زبردست دلہن کے زیورات کے ساتھ دعوت ولیمہ میں شرکت کی ، اس کے ہاتھوں پر مہندی سے نقش و نگار بنے ہوئے تھے ، دلہا سیم نے سفید شیروانی کے ساتھ کلاہ پہن رکھا تھا اور دلہا کے لئے لازمی گلے میں ہار ڈالے ہوئے تھے ، چینی جوڑا روایتی بارات کی شکل میں دلہن کے گھر گیا ، ان کے دوستوں جو زیادہ تر چینی انجینئر ، کارکن اورافسران تھے نے بھی اس تقریب کی مناسبت سے پاکستانی لباس شلوار قمیض زیب تن کررکھے تھے ، چینی اور پاکستانی دونوں مہمان پاکستان انداز کی دعوت ولیمہ سے محظوظ ہوئے جس میں علامتی بارات کا عنصر بھی شامل تھا ، اس تقریب کو مزید روایتی بنانے کیلئے مہمانوں کی تواضع پاکستانی کھانوں سے کی گئی ، اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے جوڑے نے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے کیلئے پاکستانی ثقافت کے مطابق شادی کی رسم کا اہتمام کیا ہے ۔

(جاری ہے)

سیم نے کہا کہ وہ پاکستان کی مالا مال ثقافت سے بے حد متاثرہوا ہے ۔دلہا نے ان کی شادی کو یاد گار بنانے اور تقریب کا اہتمام کرنے میں مدد دینے پر اپنے ساتھیوں اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا ۔اس نے کہا کہ کوزا بانڈا میں اس کے ایک دوست نے تجویز پیش کی تھی ہمیں پختون انداز کی شادی کی تقریب کااہتمام کرنا چاہئے،سیم جو پیشے کے لحاظ سے انجینئرہے اور دلہن لین پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) منصوبے کی افرادی قوت کا حصہ ہیں اور گذشتہ چھ ماہ سے علاقے میں مقیم ہیں، چینی انجینئروں نے ایک ماہ قبل چین میں شادی رچائی ہے،پاکستان میں چین کے قائمقام سفیر ژائولی جیان کی طرف سے سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کی گئیں جہاں سے انہیں بڑے پیمانے پر دوبارہ شیئر کیا گیا ، کئی پاکستانیوں نے جوڑے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کر کے سماجی میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔

عمران کیانی نے کہا کہ ’’ جوڑے کو مبارکباد ہو اور پاک چین دوستی کیلئے انگوٹھا کا نشان ہو ‘‘ ۔ایک اور ٹویٹر کرنے والے اسداللہ نے کہا کہ بٹگرام ایسا مقام ہے جہاں بعض پاکستانی اور چینی اپنے خاندانی خونی رشتے کا سراغ لگا سکتے ہیں ، ماہ رواں کے اوائل میں ایک چینی شخص اور پاکستانی خاتون کی شادی کی تصویر نے سوشل میڈیا کی دنیا پر دھوم مچا دی اور اسے پہلی ’’ سی پیک ‘‘ شادی قراردیا گیا ، پاکستان اور سی پیک میں چین نے 61بلین کی سرمایہ کاری کی ہے جسے چین اور پاکستان کے عوام کو مزید قریب لانے میں گیم چینجر قراردیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :