آئندہ کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی سے محفوظ بنانے کی حکمت عملی مرتب کر لی

اتوار 19 نومبر 2017 14:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء)محکمہ زراعت پنجاب نے آئندہ کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی سے محفوظ بنانے کی حکمت عمل مرتب کر لی، کاشتکار ابھی سے انتظامات کرکے کپاس کو گلابی سنڈی بچا سکتے ہیں ،کپاس کی فصل پر گلابی سنڈی کے حملہ کے پیش نظر موسم سرما کے دوران موثر حکمت عملی اپنا کر آئندہ کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی کے نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔

گلابی سنڈی کپاس کو صرف سنڈی کی حالت میں نقصان پہنچاتی ہے۔ گلابی سنڈی کی نومبر تک 4نسلیں ہوتی ہیںاور کپاس پر گلابی سنڈی کا شدید حملہ اسی دوران ہوتا ہے۔ گلابی سنڈی کی نمایاں خصوصیت ہے کہ گلابی سنڈی دوران زندگی میں کویا بننے کے بجائے نومبر میں سرمائی نیند کی حالت میں چلی جاتی ہے اور موسم سرما جڑے ہوئے بیجوں ،چھڑیوں پر بچے کھچے ٹینڈوں اور جننگ فیکٹریوں کے کچرے میں خوابیدہ حالت میں گزارتی ہے۔

(جاری ہے)

سرمائی نیند سوئی ہوئی سنڈیوں کے پروانے بننے کا انحصار زیادہ تر درجہ حرارت پر ہے۔ مناسب درجہ حرارت میسر آنے پر پروانے بننا شروع ہو جاتے ہیںجو فصل کو نقصان پہنچاتے ہیں۔کاشتکار موسم سرما کے دوران درج ذیل حکمت عملی اپنا کرآئندہ آنے والی کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی کے نقصان سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ چنائی مکمل ہونے پر چھوٹے اورمتاثرہ ٹینڈے اچھی طرح توڑ لیے جائیں بعد ازاں ٹینڈوں کو دھوپ میں پھیلاکر پوری طرح کھلنے کے بعد پھٹی کو الگ کر لیا جائے اور بچے ہوئے مواد کو جلا دیا جائے۔