سی پیک قدرت کی عظیم نعمت ہے،پاکستان اور خطہ کے دیگر ممالک عنقریب اسکے ثمرات سے مستفید ہوں گے‘ رانا محمد اقبال

دور حاضر کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے طلباء کو انفرمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر جدید تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا‘ سپیکر پنجاب اسمبلی نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ سے رھنمائی حاصل کر کے اساتذہ اچھے اور مہذب معاشرہ کی تکمیل کر سکتے ہیں‘پروفیسر ڈاکٹر عبدالرئوف ظفر

اتوار 19 نومبر 2017 14:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کہا ہے کہ سی پیک قدرت کی عظیم نعمت ہے،پاکستان اور خطہ کے دیگر ممالک عنقریب اس کے ثمرات سے مستفید ہوں گے،دور حاضر کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے طلباء کو انفرمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر جدید تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا، اساتذہ اپنے فرائض منصبی محنت، خلوص اور دیانتداری سے سر انجام دیں، طلباء میں حکیم الامت علامہ ڈاکٹر امحمد اقبال کے افکار کر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیا لات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میں تنظیم اساتذہ کے زیر اہتمام آٹھویں تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر نے کہا کہ معیار تعلیم کی بلندی اور نئی نسل کی اچھی تربیت کے لئے اساتذہ کرام کے ساتھ ساتھ والدین بھی اپنی ذمہ داری پوری کریں۔

(جاری ہے)

سرکاری اور تعلیمی ادارے مل کرملک وقوم کی خدمت کریں۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ استاد معاشرے کے مستقبل کی صورت گری کرنے والا انجینئر ہے۔

جوقومیں اساتذہ کا احترام نہیں کرتیں وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں سکول اور کالج کے اساتذہ کو مل کے بہت خوشی محسوس کرتا ہوں۔ سپیکر نے اردو زبان کے نفاذ کے حوالے سے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پہلے ہی اردو زبان نافذ ہے۔ اسمبلی اجلاس میں سپیکر کی اجازت کے بغیراردو کے علاوہ کسی اور زبان میں گفتگو نہیں کی جا سکتی۔کانفرنس میں پروفیسر ملک الطاف لنگڑیال نے نعت رسول مقبول ﷺپیش کی کانفرنس میں خطا ب کرتے ہوئے پروفیسرڈاکٹر عبدالرئوف ظفر نی-" رسول کریم ﷺبحثیت معلم "کے عنوان سے اپنا مقالہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی معاشرہ میں استاد کا کردار ایک قائد اور مربی کا ہوتا ہے۔ وہ بہترین شہری ہوتے ہوئے باشعور اور فرض شناس شہریوں پر مشتمل نئی نسل کی تیاری میں ہمہ تن محو رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی اعلی تربیت کی بدولت صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے دنیا میں ممتاز مقام حاصل کیا۔اساتذہ آپ ﷺ کی حیات طیبہ سے رھنمائی حاصل کر کے اچھے اور مہذب معاشرہ کی تکمیل کر سکتے ہیں۔

پروفیسر رضوان الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اردو زبان کو نافذ کر کے آئینی تقاضے پورے کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نصاب تعلیم کو مزید اسلامی بنایا جائے۔ کانفرنس میںپروفیسر ملک الطاف لنگڑیال نے کلام اقبال پیش کر کے شرکاء کے دلوں کو گرمایا۔ کانفرنس میں تنظیم اساتذہ پاکستان کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹرمیاں محمد اکرم نے اساتذہ کے مسائل پیش کئے اور ان کے حل کے لئے حکومت سے استدعا کی۔کانفرنس میں ڈاکٹر شبیر منصوری ، احسن کلیم ، فضل عزیز اور ڈاکٹر مہر سعید اختر نے بھی خطاب کیا۔