Live Updates

عمران خان مسلم لیگ (ن) سے خوفزدہ ہیں، انتخابات میں عمران اور ان کی جماعت کا صفایا ہو جائے گا۔ سینیٹر پرویز رشید

اتوار 19 نومبر 2017 14:01

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان مسلم لیگ (ن) سے خوفزدہ ہیں، ان کی سیاست اور جماعت تحلیل کے عمل سے گذر رہی ہے، وہ 2018ء کے انتخابات سے فرار چاہتے ہیں، آئندہ انتخابات میں ملک بھر سے عمران خان اور ان کی جماعت کا صفایا ہو جائے گا۔ یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان مسلم لیگ (ن) سے خوفزدہ ہیں، وہ 2018ء کے انتخابات سے فرار چاہتے ہیں، عمران خان کی سیاست اور ان کی جماعت تحلیل کے عمل سے گذر رہی ہے، بہت سے لوگ انہیں چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں دراڑیں ڈالنے والوں کی اپنی جماعت میں دراڑیں پڑ چکی ہیں، ہماری جماعت الحمد الله آج بھی متحد ہے، مسلم لیگ (ن) پہلے سے بڑھ کر مضبوط جماعت بن چکی ہے، مشکل حالات کے باوجود ایک بھی رکن نواز شریف کو چھوڑ کر نہیں بھاگا، وہ چٹان کی طرح نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کی سیاست مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے، لوگ ان کی رٹی پٹی باتوں سے تنگ آ چکے ہیں، ان کی حقیقت اب عوام کے سامنے کھل کر آ چکی ہیں، لوگوں کو معلوم ہے کہ مسلم لیگ ہی نے پاکستان بنایا اور مسلم لیگ ہی اس ملک کو ترقی کی طرف لیکر جا رہی ہے، ہمارے قائد کو سوچی سمجھی سازش کے تحت حکومت سے باہر کیا گیا ہے تاہم وہ اب بھی عوام کے دلوں میں رہتے ہیں، عوام کے دلوں سے دنیا کی کوئی طاقت انہیں نہیں نکال سکتی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر مرکز سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی، عوام ایک مرتبہ پھر نواز شریف کو اپنا وزیراعظم منتخب کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات