اسحاق ڈار کو منی لانڈرنگ کے مزید راز فاش ہونے کے ڈر سے نہیں ہٹایا جارہا، عمران خان

شاہد خاقان عباسی نواز شریف کا کٹھ پتلی ہیں، وزیر اعظم شریف مافیا کے فرنٹ مین اور قانون سے بھاگے ہوئے شخص کو عہدے سے نہیں ہٹا سکتا،اسحاق ڈار کرپشن اور منی لانڈرنگ مقدمات میں مطلوب مفرور ملزم ہیں، چیرمین تحریک انصاف کا ٹوئٹر بیان

اتوار 19 نومبر 2017 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نواز شریف کا کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کو شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کے مزید راز فاش ہونے کے ڈر سے نہیں ہٹایا جارہا۔ اتوار کو سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نواز شریف کا کٹھ پتلی قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعجب کی بات ہے کہ نواز شریف کا کٹھ پتلی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی شریف مافیا کے فرنٹ مین اور قانون سے بھاگے ہوئے شخص کو عہدے سے نہیں ہٹا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شریف مافیا کے دبا ئو کے باعث وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نہیں ہٹایا جا رہا، کیونکہ شریف مافیا کو اسحاق ڈار کی جانب سے منی لانڈرنگ کے مزید انکشافات کا ڈر ہے۔تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ اسحاق ڈار کرپشن اور منی لانڈرنگ جیسے کئی مقدمات میں مطلوب مفرور ملزم ہے، اسحاق ڈار نے پہلے بھی نواز شریف کی منی لانڈرنگ کے بارے میں انکشافات کیے تھے اور اب بھی شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کے مزید راز فاش ہونے کے ڈر سے انہیں عہدے سے نہیں ہٹایا جارہا۔