عبدالرشید ترابی کی ترکی میں عالمی کانفرنس میں پیش کردہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے قرارداد 55ممالک کے 274مندوبین نے متفقہ طور پر منظور کر لی

کشمیریوںکے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ، اقوام متحدہ کشمیریوںکو ان کا حق دلانے میں کردار اداکرے ، 55ممالک کے مندوبین کی متفقہ قرارداد OICاور عالمی رہنمائوں سے مسئلہ کشمیرحل کروانے کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ

اتوار 19 نومبر 2017 12:40

استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) کنوینئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے ترکی میں ایسام کے زیر اہتمام عالمی کانفرنس کے موقع پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے حوالے سے قرارداد پیش کی جو متفقہ طور پر منظورکرلی گئی ، کانفرنس میں 55ممالک کی274مندوبین شریک تھے ، 55ممالک کے مندوبین نے کشمیریوں کے حق میں قرارداد منظور کی ہے ، قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ ہندوستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی اور بنیادی حق فراہم کرے ، ہندوستان مقبوضہ کشمیر کے اندر مظالم بندکرے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور پامالیوں کو روکے ، اپنے عہد کے مطابق کشمیریوں کواپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق فراہم کرے ، قرارداد مین اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کشمیریوںکو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے رائے شماری کا موقع فراہم کروائے ، 55ممالک کے مندوبین نے متفقہ طور پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی حمایت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں سرکاری ، غیر سرکاری مندوبین اسلامی تحریکوں کے قائدین ، انسانی حقوق کی تنظیموں کے سربراہان ، اہل دانش اور سفارت کار شریک تھے۔واضح رہے کہ یہ ادارہ ترکی کے سابق وزیر اعظم نجم الدین اربکان نے قائم کیا تھا ، یہ ادارہ ہر سال ترکی میں امت کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے عالمی کانفرنس کاانعقاد کرتا ہے جس میں دنیا بھرسے مندوبین شریک ہوتے ہیں اور ان مسائل کے حل تجویزکرتے ہیں ۔