مصری گلوکارہ کو تین سال قید اور بھاری جرمانے کا سامنا

دریائے نیل کی تحقیر کرنے کی پاداش میں 23دسمبر کو عدالت میں طلبی

اتوار 19 نومبر 2017 11:50

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء)مصر کی گلوکارہ کو دریائے نیل کی تحقیر کرنے کی پاداش میں ان دنوں قانونی کارروائی کا سامناہے۔میڈیا ذرائع کے مطابق ایک محفل موسیقی کے دوران شیرین عبدالوہاب سے ان کے ایک مداح نے درخواست کی کہ وہ اپنا مشہور گانا سنائیں جس میں دریائے نیل کے پانی کی تعریف شامل ہے۔

(جاری ہے)

جواب میں شیرین نے مداح کو کہا’ کہ دریائے نیل کا پانی پینے سے انسان بیمار ہو سکتا ہے‘، ساتھ ہی انہوں نے ایک فرانسیسی منرل واٹر برانڈ کا حوالہ دے کر مداح کو مشورہ دیا 'آپ کو یہ پانی پینا چاہیے۔

گلوکارہ کے یہ ریمارکس سوشل میڈیا پر وائرل ہوجانے کے بعد ایک وکیل نے گلوکارہ کے خلاف شکایت درج کروائی۔گلوکارہ کو اشتعال آمیز معلومات پھیلانے اور عوامی مفادات کو نقصان پہنچانے جیسے الزامات کا سامنا ہے اور انہیں 23 دسمبر کو عدالت کے سامنے پیش ہونا ہوگا جبکہ الزامات ثابت ہونے پر3 سال قید اور بھاری جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔