دنیا کے مشہور ترین یو سی براوزر کی گوگل پلے اسٹور سے چھٹی

ہفتہ 18 نومبر 2017 22:58

دنیا کے مشہور ترین یو سی براوزر کی گوگل پلے اسٹور سے چھٹی
نئی دہلی : (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 نومبر2017ء) دنیا کے مشہور ترین یو سی براوزر کی گوگل پلے اسٹور سے چھٹی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق گوگل نے بھارتی پلے اسٹور سے یو سی براؤزر کو ہٹا دیا ہے اور اب بھارتی اینڈروئیڈ فون صارفین اپنے فون میں یو سی براؤزر انسٹال نہیں کرسکیں گے جبکہ بھارتی اینڈروئیڈ صارفین کے لیے بری خبر ہے کہ گوگل نے 30 دن کےلیے پلے اسٹور سے یو سی براؤزر ہٹادیا ہےاور بھارت میں موجود اینڈروئیڈ صارفین اپنے موبائل فون میں یو سی براؤزر انسٹال نہیں کرسکیں گے۔

گوگل نے یہ فیصلہ یو سی براؤزر کی جانب سے صارفین کی ذاتی معلومات اور ڈیٹا ان کی اجازت کے بغیر اسٹور(ذخیرہ) کرنے کی شکایتوں پر کارروائی کرتے ہوئے کیا ہے۔ تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق یو سی براؤزر چین کی ای کامرس کمپنی علی بابا کی ملکیت ہے اور گزشتہ دو ماہ سے اس کمپنی کے خلاف شکایات موصول ہورہی تھیں کہ کمپنی بغیر اجازت صارفین کی ذاتی معلومات اور ڈیٹا چین میں اپنے سرور پر بھیج رہی ہے، جب کہ کمپنی پر یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ اگر صارف یو سی براؤزر کو اپنے فون سے ان انسٹال کردیتا ہے یا براؤزنگ کی ہسٹری (تاریخ) مٹادیتا ہے تب بھی موبائل پر یو سی براؤزر کا کنٹرول باقی رہتا ہے اور صارفین کی معلومات چینی سرور پر منتقل ہوتی رہتی ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ دو ماہ سے بھارت میں یو سی ویب براؤزر اس معاملے میں ملوث پایا جارہا ہے۔ بھارتی حکومت نے بھی اس معاملے میں کمپنی سے پوچھ گچھ کی تھی اور حکومتی ڈیجیٹل لیبارٹری کو اس معاملے کی تفتیش کا حکم دیا تھا۔گوگل نے بھی یو سی براؤزر کی سرگرمیوں کو اپنی پالیسیوں کے خلاف قرار دیا ہے اور اسی وجہ سے یو سی براؤزر کو بھارت میں گوگل پلے اسٹور سے 30 دنوں کےلیے عارضی طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یو سی ویب نے دعویٰ کیا تھا کہ دنیا بھر میں تقریباً 500 ملین صارفین نے اس براؤزر کو ڈاؤن لوڈ کیا تھا جب کہ صرف بھارت میں 100 ملین لوگ یہ براؤزر استعمال کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :