حکومت عوامی بہبود کیلئے فراخدلی سے وسائل مہیا کررہی ہے

کمشنر مومن آغاکی چیمبر آف کامرس کے وفد سے گفتگو

ہفتہ 18 نومبر 2017 22:03

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2017ء) فیصل آباد ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا کہ حکومت عوامی بہبود کیلئے فراخدلی سے وسائل مہیا کررہی ہے لہٰذا بزنس کمیونٹی کو چاہیئے کہ وہ عوام اور شہر کی جامع ترقی کیلئے قابل عمل تجاویز دیں تا کہ ان پر فوری عملدرآمد کیا جاسکے۔ وہ آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے ملاقات کر رہے تھے جس میں چیمبر کے صدر شبیر حسین چاولہ ، سینئر نائب صدر شیخ فاروق یوسف ، نامزد نائب صدر عثمان رؤف ، سابق صدر میاں جاوید اقبال، انجینئر رضوان اشرف اور سیکرٹری جنرل عابد مسعود بھی شامل تھے۔

کمشنر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو ماحولیات ، تعلیم، نوجوانوںکو فنی تربیت دینے جیسے اہم مسائل پر توجہ دینی چاہیئے تاکہ ان مقاصد کے حصول کیلئے منظم اور مربوط پالیسیاں تشکیل دی جا سکیں۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہا کہ ماحول کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں جامع قانونی ڈھانچہ تشکیل دیا گیا ہے۔ محکمہ ماحولیات کے علاوہ واسا، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، گوشت اور فوڈ لاز وغیرہ اسی سلسلہ کی کڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے جبکہ کھرڑیانوالہ میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگنا چاہیئے۔ انہو ں نے کہا کہ فیصل آباد بنیادی طور پر صنعتی، تجارتی اور کاروباری مرکز ہے۔ اسلئے یہاں ہنر مند کاروباری افراد پیدا کرنے کیلئے سہولتوں والا ماحول پیداکرنے کی ضرورت ہے۔ تھیم پارک کے حوالے سے کمشنر نے کہا کہ ہمارے پاس گٹ والا پارک اور کلیم شہید پارک ہے جہاں وسیع رقبہ دستیاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ گٹ والا میں راول ڈیم سے بھی بہتر جھیل بنائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اس میں دلچسپی لے تو اس کام کو مزید آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ فیصل آباد کیلئے میگا پراجیکٹس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ کینال روڈ پر مزید دو تین انڈر پاس تعمیر کرنے کی تجویز ہے جبکہ ایم تھری انڈسٹریل ایسٹیٹ میں گالف کورس بھی تعمیر کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے فیصل آباد میں میٹروبس کے منصوبے پر بھی غور کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ اس وقت فیصل آبادکا ترقیاتی ادارہ اپنا ماسٹر پلان تیار کر رہا ہے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو بھی اس میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیئے۔ فیصل آباد کیلئے فنڈز مختص کرنے کے حوالے سے کمشنر نے کہا کہ فنڈز منصوبوں کی اہمیت کے حوالے سے دیئے جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آپ شہر کیلئے زیادہ سے زیادہ اور قابل عمل منصوبے تجویز کریں تا کہ ان کیلئے فنڈز کا بندوبست کیا جا سکے۔ کمشنر نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور تمام سرکاری اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کرنے کا یقین دلایا تا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ اس کمیٹی میں بزنس کمیونٹی کی نمائندگی فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرشبیر حسین چاولہ ، سا بق صدر میاں جاوید اقبال اور انجینئر رضوان اشرف کریں گے۔

اس طرح ان تاجر راہنماؤ ں پر مشتمل ایک تین رکنی رابطہ کمیٹی بھی قائم کی گئی جو ہر دو یا تین ماہ بعد کمشنر سے ملاقات کرکے مختلف مسائل پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں ان کو آگاہ کریگی۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے کہا کہ صنعتی آبی فضلے کی ٹریٹمنٹ ، ایکسپوسنٹر ، آئی ٹی یونیورسٹی اور ہنر مند ورکروں کی تیاری جیسے مسائل پر حکومت کو فوری توجہ دینی چاہیئے۔

فیصل آباد چیمبر کے سابق صدر اور گروپ لیڈر میاں جاوید اقبال نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی کوششوں سے یہاں ڈرائی پورٹ، ویلیو ایڈیشن سٹی، فیڈمک ، ہلال احمر ہسپتال اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوشنز جیسے ادارے قائم ہوئے جبکہ فیصل آباد ایئرپورٹ کو از سر نو متحرک کرنے کا کریڈٹ بھی فیصل آباد چیمبر کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی چیمبر کے صدر شبیر حسین چاولہ فیسکو جبکہ انجینئر رضوان اشرف فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہیں اور ان اداروں کی بہتری کیلئے مشاورتی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے ماحولیات کے حوالے سے گرین فیصل آباد کے نام سے ایک طویل المدتی مہم چلانے کی بھی تجویز دی تا کہ ماحولیاتی آلودگی جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔ افرادی قوت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی تقاضوں اور مقامی جاب مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو تیار کرنا ہوگا۔ میاں جاوید اقبال نے لوگوں کی تفریح کیلئے تھیم پارک تعمیر کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ فر موں کو ترغیب دینے کیلئے یہاں روڈ شوز بھی منعقد کرائے جا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :