ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 32کروڑ روپے کی لاگت سے ہائر ایجوکیشن،ہائی ویز اورپبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 3سکیموں پر عملدرآمد کی منظوری دی

ہفتہ 18 نومبر 2017 22:03

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2017ء) ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 32کروڑ روپے کی لاگت سے ہائر ایجوکیشن،ہائی ویز اورپبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 3سکیموں پر عملدرآمد کی منظوری دی ہے ۔اس سلسلے میں ڈویژنل کمشنر مومن آغا کی ہدایت پر اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مہر شفقت اللہ مشتاق نے کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہر رمضان،ڈائریکٹرکالجز امداد اللہ چوہدری،ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میاں عبداللہ،ایس ای ہائی ویز خاور بھٹہ،بلڈنگز اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔صدر اجلاس نے ترقیاتی منصوبوں کے تکنیکی و انتظامی امور کاجائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ان سکیموں پر عملدرآمد کے سلسلے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونی چاہیے اور تمام تر تعمیراتی کام طے شدہ تصریحات کے مطابق ہو۔

اجلاس میں جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ضلع جھنگ میں 7کروڑ روپے کی لاگت سے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی ،10کروڑ روپے سے جڑانوالہ شہر میں مختلف سڑکوں کی تعمیر وبحالی اورکشادگی اور15کروڑ روپے سے تحصیل جڑانوالہ میں رورل ڈریج سسٹم کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔